ہمیں قائد کے فرمان اتحاد، ایمان اور تنظیم پر عمل کرنے کیلئے قومی جذبے کی تجدید کی ضرورت ہے، عمران خان

اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پیوزیراعظم عمران خان نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو قیام پاکستان میں ان کے کردار پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں قائد کے فرمان اتحاد، ایمان اور تنظیم پر عمل کرنے کیلئے قومی جذبے کی تجدید کی ضرورت ہے تاکہ ملک کو درپیش تمام چیلنجوں پر قابو پایا جا سکے، زندگی کے تمام شعبوں میں عظیم قائد کے نقش قدم …

اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پیوزیراعظم عمران خان نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو قیام پاکستان میں ان کے کردار پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں قائد کے فرمان اتحاد، ایمان اور تنظیم پر عمل کرنے کیلئے قومی جذبے کی تجدید کی ضرورت ہے تاکہ ملک کو درپیش تمام چیلنجوں پر قابو پایا جا سکے، زندگی کے تمام شعبوں میں عظیم قائد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے قوم انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کرے۔ قائداعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت پر ایک پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح ہی وہ شخصیت ہیں جن کی وجہ سے ایک آزاد ماحول میں ہمیں آنکھ کھولنے کا موقع ملا، قائداعظم محمد علی جناح برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک وژن رکھتے تھے جس کے نتیجے میں پاکستان کی شکل میں ایک علیحدہ مملکت قائم ہوئی، آج ہمیں بابائے قوم کا یوم ولادت بھرپور طریقے سے منانے کی ضرورت ہے۔ انسانی تاریخ کے جدید دور میں کچھ ہی شخصیات ایسی ہیں جنہیں ہمارے قائد کی طرح وسیع مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا یہ عزم تھا کہ محرومی اور انتشار سے پاک ماحول میں ایک ایسی قوم تشکیل دی جائے جو ہر قسم کے چیلنجوں اور مشکلات سے نبردآزما ہو سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی شخصیت قیام پاکستان کی شکل میں ایک عالمگیر وژن کی وجہ سے نہ صرف ہمارے لئے بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کیلئے ایک عملی نمونہ ہے، وہ ایمانداری اور صداقت کا عملی نمونہ تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ اللہ تعالیٰ کا ہمارے اوپر کرم ہے کہ اس نے ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کی سوچ کے مطابق دنیا میں ایک مضبوط قوم بننے کا ہمارے اندر احساس پیدا کیا ہے۔