ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کے زیرِ اہتمام نیشنل لینگوئج پروموشن ڈیپارٹمنٹ میں ’’اقبال کانفرنس‘‘ کا انعقاد

اسلام آباد۔8نومبر (اے پی پی):شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے فلسفے، پیغام اور عالمی اثرات کو اُجاگر کرنے کے لیے ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کے زیرِ اہتمام نیشنل لینگوئج پروموشن ڈیپارٹمنٹ میں ’’اقبال کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر فتح محمد ملک نے کہا کہ اقبال کا پیغامِ خودی اور خود شناسی کسی ایک قوم یا علاقے تک محدود نہیں بلکہ …

اسلام آباد۔8نومبر (اے پی پی):شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے فلسفے، پیغام اور عالمی اثرات کو اُجاگر کرنے کے لیے ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کے زیرِ اہتمام نیشنل لینگوئج پروموشن ڈیپارٹمنٹ میں ’’اقبال کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر فتح محمد ملک نے کہا کہ اقبال کا پیغامِ خودی اور خود شناسی کسی ایک قوم یا علاقے تک محدود نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کی شاعری نے مشرق و مغرب کے درمیان ایک فکری پُل قائم کیا اور انسان کو زندگی کے اصل مقصد کی طرف متوجہ کیا۔چیئرمین انسانی حقوق کونسل آف پاکستان جمشید حسین نے کہا کہ اقبال کے فلسفے نے قوموں میں خودی اور آزادی کی روح پیدا کی۔

انہوں نے کہا کہ اقبال کے خیالات آج بھی نوجوانوں کو عزم، امید اور کردار سازی کی طرف گامزن رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقبال کا پیغامِ امن، رواداری اور باہمی احترام آج کی دنیا میں انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔دیگر مقررین نے جدید دور میں اقبال کی تعلیمات کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں پوری انسانیت کے لیے اخلاقی اور فکری رہنمائی کا ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کا فلسفہ عالمی سطح پر اتحاد، انصاف اور انسانیت کے احترام کو فروغ دیتا ہے۔

تقریب کے اختتام پر مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں، جبکہ طلبہ نے اقبال کی شاعری پر مبنی تقاریر اور مکالمے پیش کیے۔معروف آرٹسٹ افضل نے بانسری پر اقبال کے اشعار پیش کیے جنہیں شرکا کی جانب سے بھرپور داد ملی۔ایچ آر سی پی کے رکن اور لائبریرین کاشف کمال نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقبال کا خواب پاکستان کی بنیاد ہےاور اگر آج کا نوجوان اقبال کے فلسفہ خودی کو اپنالے تو قوم کی ترقی کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں رہ سکتی۔