یورپ اپنی سیاست میں کسی بھی قسم کی امریکی مداخلت کو قبول نہیں کرے گا ، یورپین کونسل

برسلز۔8دسمبر (اے پی پی):یورپین کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا نے کہا ہے کہ یورپ اپنی سیاست میں کسی بھی قسم کی امریکی مداخلت کو قبول نہیں کرے گا۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انہوں نے پیر کو برسلز میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم جو بات قبول نہیں کر سکتے، وہ یورپی سیاست میں مداخلت کی دھمکی ہے۔صدر یورپین کونسل نے کہا کہ امریکا …

برسلز۔8دسمبر (اے پی پی):یورپین کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا نے کہا ہے کہ یورپ اپنی سیاست میں کسی بھی قسم کی امریکی مداخلت کو قبول نہیں کرے گا۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انہوں نے پیر کو برسلز میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم جو بات قبول نہیں کر سکتے، وہ یورپی سیاست میں مداخلت کی دھمکی ہے۔صدر یورپین کونسل نے کہا کہ امریکا یہ فیصلہ نہیں کر سکتا کہ یورپ میں کون سی سیاسی جماعتیں اچھی ہیں اور کون سی بری۔ امریکا یہ بھی طے نہیں کر سکتا کہ یورپ کے نزدیک آزادیٔ اظہار کا کیا تصور ہے۔انتونیو کوسٹا ، جو بحیثیت یورپین کونسل صدر یورپی یونین کے 27 رکن ممالک کے سربراہان کے اجلاسوں کی صدارت کرتے ہیں، نے کہا کہ اگرچہ ماحولیاتی تبدیلی جیسے مسائل پر ٹرمپ انتظامیہ سے اختلافات پہلے ہی سے موجود تھے، مگر نئی حکمتِ عملی اس سے بھی آگے بڑھ گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ اس حکمتِ عملی میں یورپ کو اتحادی کہا گیا ہے، جو ٹھیک ہے لیکن اگر ہم اتحادی ہیں تو ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ اتحادیوں جیسا برتاؤ بھی کرنا ہوگا۔ امریکا ایک اہم اتحادی ہے، ایک اہم اقتصادی شراکت دار بھی ہے لیکن یورپ کو خودمختار رہنا چاہیے۔صدر یورپین کونسل نے کہا کہ یہ تشویشناک ہے کہ روس نےامریکا کی نئی حکمتِ عملی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے اپنے نقطۂ نظر سے بڑی حد تک مطابقت رکھنے والی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمتِ عملی میں یوکرین کی جنگ کے بارے میں جو مؤقف اپنایا گیا ہے، وہ اس منصفانہ اور پائیدار امن کی حمایت نہیں کرتا جس کی یورپ طویل عرصے سےحمایت کرتا آیا ہے۔صدر یورپین کونسل نے کہا کہ یہ حکمتِ عملی صرف محاذ آرائی کے خاتمے اور روس کے ساتھ استوار تعلقات کی بات کرتی ہے۔

یورپین کونسل کے صدر کی جانب سے بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا نے ایک نئی سکیورٹی حکمتِ عملی جاری کی ہے جس میں براعظم یورپ کی پالیسیوں پر تنقید کی گئی ہے۔

 

مزید خبریں