راولپنڈی۔5ستمبر (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ یوم دفاع پاکستان کی تاریخ کا ایک سنہری باب ہے جو قوم اور مسلح افواج کی جرات و بہادری کی یاد تازہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر غیر متزلزل عزم، حب الوطنی اور عظیم قربانی کی روشن علامت ہے جس روز قوم اور افواج پاکستان نے دشمن کے ناپاک عزائم …
یوم دفاع پاکستان کی تاریخ کا ایک سنہری باب ہے جو قوم اور مسلح افواج کی جرات و بہادری کی یاد تازہ کرتا ہے،بیرسٹر دانیال چوہدری

مزید خبریں
راولپنڈی۔5ستمبر (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ یوم دفاع پاکستان کی تاریخ کا ایک سنہری باب ہے جو قوم اور مسلح افواج کی جرات و بہادری کی یاد تازہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر غیر متزلزل عزم، حب الوطنی اور عظیم قربانی کی روشن علامت ہے جس روز قوم اور افواج پاکستان نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے دانیال چوہدری نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص نے دنیا پر ثابت کر دیا کہ پاک فوج ہر محاذ پر سیسہ پلائی دیوار ہے۔ یہ کامیابی افواج پاکستان کی مربوط حکمت عملی اور بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بہترین قیادت کا نتیجہ ہے جس نے پوری قوم کو نئی توانائی اور حوصلہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی جوانوں نے بھارتی جارحیت کے مقابلے میں شجاعت کی روشن روایت قائم کرتے ہوئے دشمن کو چند ہی گھنٹوں میں پسپائی پر مجبور کر دیا۔
یہ معرکہ نہ صرف عسکری لحاظ سے بلکہ نظریاتی طور پر بھی دو قومی نظریے کی صداقت کا ثبوت تھا جو قیام پاکستان کی بنیاد ہے۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ ہر محاذ پر کامیابیاں حاصل کیں اور آج بھی دہشت گردی سمیت تمام چیلنجز کے خلاف ملک کے دفاع میں پوری ثابت قدمی سے سرگرم عمل ہے۔
انہوں نے 6 ستمبر 1965 کو عوام اور افواج کی یکجہتی کو پاکستان کے دفاع کی اصل طاقت قرار دیتے ہوئے مادر وطن کے دفاع میں جانیں قربان کرنے والے فوجی اور سویلین شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں قومی فخر اور ایک مقدس امانت ہیں۔ دانیال چوہدری نے حالیہ سیلابی صورتحال میں افواج پاکستان اور دیگر اداروں کی خدمات کو بھی سراہا جنہوں نے ہزاروں قیمتی جانیں بچا کر اپنی قومی ذمہ داری بخوبی ادا کی۔








