یوم پاکستان کورونا وائرس کے خلاف جدو جہد کے طور پر منایا جا رہا ہے،عالمی وباء سے نمٹنے کے لیے ہمیں 23 مارچ 1940ء والے جذبے اور سب کو یکجا ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے اسپیکر اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری

اسلام آباد ۔ 23 مارچ (اے پی پی) یوم پاکستان کے حوالے سے قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے قوم کے نام اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لیے سب کو یکجا ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ قومی اسمبلی ڈائریکٹریٹ جنرل آف میڈیا کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق …

اسلام آباد ۔ 23 مارچ (اے پی پی) یوم پاکستان کے حوالے سے قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے قوم کے نام اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لیے سب کو یکجا ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ قومی اسمبلی ڈائریکٹریٹ جنرل آف میڈیا کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان کورونا وائرس کے خلاف جدو جہد کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ اس وقت ملک کو عالمی وبا نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ انہوں نے کہا عالمی وباء سے نمٹنے کے لیے ہمیں 23 مارچ 1940ء والے جذبے کی ضرورت ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ 23 مارچ 2020ء کو ہم کرونا وائرس کے خلاف جنگ کے طور پر منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے جس کا مقابلہ اتحاد اور یکجہتی سے کیا جا سکتا ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ 23 مارچ کا دن ہمیں اس قرارداد کی یاد دلاتا ہے جس میں برصغیر کے مسلمانوں نے ایک علیحدہ اسلامی فلاحی ریاست کی بنیاد رکھی تھی۔ تحریک پاکستان میں حصہ لینے والے مسلمانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ یوم پاکستان ایک نئے تجدید عہد کا دن ہے جس کے تحت اس عالمی وباء کے خلاف جدوجہد کر سکتے ہیں، پاکستان کی تمام سیاسی قیادت کو سیاسی اختلافات کو بھلا کر قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری قوم کو کورونا وائرس جیسی عالمی وبا کا سامنا ہے، ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہمیشہ ہر مشکل کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور وطن عزیز کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔ مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملکی بقاء کی خاطر لازوال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر جب بھی کوئی مشکل وقت آیا ہے تو ہمارے دفاعی ادارے ملکی سیاسی قیادت کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ اسد قیصر نے پاک فضائیہ کے ہوا باز ونگ کمانڈر نعمان اکرم شہید کو خراج عقیقد پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ نعمان اکرم شہید نے ریہرسل کے دوران جہاز کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں شہری آبادی کو بچا کر عظیم کارنامہ سرانجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ جام شہادت نوش کرنے والے ونگ کمانڈر نعمان اکرم کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ آٹھ ماہ سے مقبوضہ کشمیر میں جاری لاک ڈاؤن کی وجہ سے کشمیری عوام کی حالت زار عالمی برادری کی توجہ طلب ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ بھارتی افواج کے ہاتھوں پابند سلاسل کشمیری عوام انتہائی کسمپرسی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری لاک ڈاؤن کی وجہ سے پوری وادی کے عوام تمام ضروریات زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ اسد قیصر نے مزید کہا کہ مقبوضہ وادی میں کرونا وائرس میں مبتلا افراد کو علاج معالجے کی بھی سہولت نہیں مل رہی۔ عالمی وبا میں مبتلاء کشمیری عوام کو علاج کروانے کے حق سے محروم رکھنا انسانی اصولوں کے منافی ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ 23 مارچ 1940ء کو تحریک آزادی پاکستان کے لیے پیش کی گئی قراداد پاکستان میں کشمیر بھی شامل تھا، 23 مارچ کو پیش کی جانے والی قرادار کے مطابق کشمیر کو پاکستان کا حصہ سمجھا جاتا ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حق آزادی سے محروم رکھنا عالمی قوانین کی شدید خلاف ورزی ہے۔ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی سلامی کونسل کی قراردادوں کے مطابق آزادی دلانا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ 23 مارچ کا دن ہمیں اس جدوجہد کی یاد دلاتا ہے جس کے تحت آج ہم ایک آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کو اتحاد اور قومی یکجہتی کے ذریعے شکست دی جا سکتی ہے۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ کرونا وائرس ایک عالمی وبا ہے اس سے نمٹنے کے لیے تمام سیاسی قیادت سمیت عوام کو یکجا ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وبا نے پوری دنیا کی معیشت کو جھنجوڑ کر رکھ دیا ہے۔ ترقی پزیر ملک مکمل لاک ڈاؤن کرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ہمیشہ مشکل وقت میں قوم کے اعتماد پر پورا اترے ہیں اور ہم سب مل کر اللہ تعالی کی مدد سے قومی جذبے کے ساتھ اس عالمی وبا کو شکست دینے میں کامیاب ہونگے۔