یو اے ای، العین میں پہلے بین الاقوامی شکار اور گھڑ سواری میلے کا آغاز کل ہو گا

ابوظہبی۔25نومبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کے شہر العین میں پہلے بین الاقوامی شکار اور گھڑ سواری میلے کا آغاز (کل) بدھ کو ہو گا جس میں 12 ممالک شرکت کر رہے ہیں۔ اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق شیخ ہزاع بن زاید النہیان کی سرپرستی میں العین انٹرنیشنل ہنٹنگ اینڈ ایکوئسٹرین ایگزیبیشن 2025 کا پہلا ایڈیشن 26 نومبر سے ایڈنیک سینٹر العین میں شروع ہو گا جو کہ 30 …

ابوظہبی۔25نومبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کے شہر العین میں پہلے بین الاقوامی شکار اور گھڑ سواری میلے کا آغاز (کل) بدھ کو ہو گا جس میں 12 ممالک شرکت کر رہے ہیں۔ اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق شیخ ہزاع بن زاید النہیان کی سرپرستی میں العین انٹرنیشنل ہنٹنگ اینڈ ایکوئسٹرین ایگزیبیشن 2025 کا پہلا ایڈیشن 26 نومبر سے ایڈنیک سینٹر العین میں شروع ہو گا جو کہ 30 نومبر تک جاری رہے گا۔

یہ نمائش ایڈنیک گروپ کے زیر اہتمام امارات فالکنرز کلب کے تعاون سے منعقد کی جا رہی ہے جس کا مقصد شکار اور گھڑ سواری کے شعبوں میں جدت اور پائیداری کو اجاگر کرنا ہے اور اس کے ذریعے العین کے ثقافتی ورثے اور متحدہ عرب امارات کے جدید آؤٹ ڈور لائف اسٹائل پر روشنی ڈالی جائے گی۔اس موقع پر ایڈنیک گروپ کے گروپ سی ای او حمید مطر الظاہری نے کہا کہ یہ نمائش العین کو ثقافتی اور روایتی سیاحت کے ایک نمایاں مرکز کے طور پر مضبوط کرتی ہے۔

اس سال کے ایڈیشن میں 873 مقامی و بین الاقوامی برانڈز نے 24,000 مربع میٹر کے رقبے پر شرکت کی ہے، جو مقامی اور عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ نمائش میں 12 ممالک کی شرکت نے بین الاقوامی تعاون، ثقافتی تبادلے، اور موسم سرما کی سیاحتی سرگرمیوں کو مزید تقویت دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 88 فیصد نمائش کنندگان اماراتی کمپنیاں ہیں، جو مقامی کاروباری مواقع اور شراکت داری کو فروغ دینے کا مؤثر ذریعہ ہے۔

نمائش میں 20 سے زائد سرگرمیاں اور ثقافتی مقابلے شامل ہیں، جن میں ابوظہبی ہیریٹیج اتھارٹی کے تعاون سے روایتی کھانوں کا مقابلہ، عربی قہوے کی ورکشاپ اور مقابلہ، الیولہ پرفارمنس، اور اماراتی کھیل "الطبّع” شامل ہیں۔اس بار زائرین کو پہلی مرتبہ 14 خصوصی شعبے دریافت کرنے کا موقع ملے گا۔ ان میں اونٹوں کا شعبہ خاص توجہ کا مرکز ہو گا، جہاں اونٹ دوڑ کے سازوسامان، افزائش نسل اور خدمات کو اجاگر کیا جائے گا۔

اسی طرح گھڑ سواری اور بازداری کے شعبے اماراتی شناخت کی بنیاد سمجھے جانے والے ان قدیم روایات کو خراجِ تحسین پیش کریں گے۔ آؤٹ ڈور ریکریئیشن وہیکلز سیکٹر میں صحراؤں اور قدرتی مناظر کے لیے تیار جدید گاڑیاں نمائش کا حصہ ہوں گی۔دیگر اہم شعبوں میں شکار و کیمپنگ کا سامان، ماحولیاتی تحفظ، فنون و دستکاری، ویٹرنری مصنوعات و خدمات شامل ہیں۔

اسلحہ و شکار کے ہتھیاروں کا شعبہ شکاری سازوسامان، بندوقوں اور لوازمات کی وسیع رینج پیش کرے گا، جب کہ شکار اور سفاری ٹرپ شعبہ مقامی و بین الاقوامی گائیڈڈ مہماتی پیکجز پیش کرے گا۔ سوق سیکٹر میں اماراتی کاریگروں کی روایتی مصنوعات اور دستکاری بھی نمائش کا حصہ ہوں گی، جو مقامی ثقافت کی نمائندگی کرتے ہیں۔

 

مزید خبریں