یو سی آئی کے نومبر 2026 میں منعقد ہونے والے تین آن لائن کورسز کے لیے امیدواروں سے درخواستیں طلب

پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن (پی سی ایف) نے انٹرنیشنل سائیکلنگ یونین (یو سی آئی) کے نومبر 2026 میں منعقد ہونے والے تین آن لائن کورسز کے لیے امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ ان کورسز میں نیشنل کمشنر، کوچنگ لیول ون اور مکینک لیول ون شامل ہیں، جو یو سی آئی کی جانب سے انگریزی زبان میں کرائے جائیں گے۔

اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن (پی سی ایف) نے انٹرنیشنل سائیکلنگ یونین (یو سی آئی) کے نومبر 2026 میں منعقد ہونے والے تین آن لائن کورسز کے لیے امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ ان کورسز میں نیشنل کمشنر، کوچنگ لیول ون اور مکینک لیول ون شامل ہیں، جو یو سی آئی کی جانب سے انگریزی زبان میں کرائے جائیں گے۔

فیڈریشن کے مطابق امیدوار تینوں کورسز کے لیے الگ الگ درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ دلچسپی رکھنے والے افراد کو پہلے یو سی آئی کے آئی لرن پلیٹ فارم پر اکاؤنٹ بنانا ہوگا، جس کے بعد متعلقہ کورس کا آن لائن فارم مقررہ وقت میں مکمل کرنا ہوگا۔منتخب امیدواروں کی کورس فیس ادا کی جائے گی جبکہ شرکا اپنے مقامات پر الیکٹرانک آلات کے ذریعے کورسز مکمل کر سکیں گے۔ کورس کا تمام مواد مکمل کرنے اور امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے شرکاکو یو سی آئی کی جانب سے سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔

پی سی ایف کے مطابق ایک کورس کی لاگت ایک لاکھ روپے تک ہے، تاہم فیڈریشن رواں سال امیدواروں کو صرف 2,000 روپے فی کورس میں یہ سہولت فراہم کر رہی ہے۔ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے درخواست فارم 21 اکتوبر 2026 کو دوپہر 12 بجے تک مکمل کر لیں تاکہ انہیں بروقت جائزے کے لیے بھجوایا جا سکے۔