2030 تک پاکستان سے ہیپاٹائٹس کے خاتمہ کےلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، ۔ وزیر اعظم شہباز شریف کا ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کے حوالے سے پیغام

اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت 2030 تک پاکستان سے ہیپاٹائٹس کے خاتمہ کے ہدف کو سامنے رکھتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، ہر فرد کو ویکسین اور علاج کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کے حوالہ سے اپنے پیغام میں وزیراعظم نے عوام سے اپیل کی کہ ہیپاٹائٹس سے بچائو کیلئے حفاظتی اقدامات اختیار کریں، ویکسی نیشن اور سکریننگ ٹیسٹ کرائیں۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ہر سال دنیا بھر میں ہیپاٹائیٹس کا عالمی دن اس جان لیوا مرض کے بارے آگاہی پھیلانے کیلئے منایا جاتا ہے، ہیپاٹائٹس ایک مہلک مرض ہے جس سے ہر سال دنیا بھر میں تقریبا دس لاکھ افراد لقمۂ اجل بنتے ہیں۔

ایک حالیہ تخمینے کے مطابق ہر 13 بالغ پاکستانیوں میں سے ایک ہیپاٹائٹس سی کے مرض میں مبتلا ہے اور 86 فیصد مریض اس بیماری میں مبتلا ہونے کے باوجود اس سے بےخبر رہتے ہیں۔ 90 لاکھ پاکستانیوں کا اس مرض میں مبتلا ہونا کسی خطرے سے کم نہیں، اگر ہم نے ہیپاٹائٹس سے بچاؤ کے بروقت اقدامات اور آگاہی نہ پھیلائی تو اس کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ممکن ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہیپاٹائٹس جیسا خاموش قاتل مریض کا جگر بغیر کسی ظاہری علامت کے 15-20 سال میں آہستہ آہستہ ختم کر دیتا ہے اور Cirrhosis اور جگر کے کینسر کا سبب بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2030 تک ہیپاٹائٹس کو پاکستان سے ختم کرنے کے ہدف کو سامنے رکھتے ہوئے موجودہ حکومت اس مرض کی فوری تشخیص ، سکریننگ اور مریضوں کے علاج کے لئے سہولتوں کی یقینی فراہمی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انفرادی سطح پر اس سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر کی آگاہی مہم کے ساتھ ساتھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ مقامی سطح پر ہر فرد تک ہیپاٹائٹس کے علاج اور ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

وزیراعظم نے قوم کو یاد دلایا کہ جب اللہ رب العزت نے انہیں پنجاب کی خدمت کا موقع دیا تو انہوں نے لاہور میں جگر اور گردے کے مریضوں کے علاج کے لئے ’’پی کے ایل آئی ‘‘اور صوبہ بھر میں ہیپاٹائٹس ٹریٹمنٹ فلٹر کلینکس کا قیام یقینی بنایا جس سے آج بھی نہ صرف ہیپاٹائٹس کی جلد تشخیص میں معاونت مل رہی ہے بلکہ آخری سٹیج پر جگر کی پیوندکاری سے لوگوں کی زندگیاں بچائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے خادمِ پاکستان کا منصب سنبھالتے ہی گزشتہ حکومت کی مجرمانہ غفلت سے نظر انداز ہوئے پی کے ایل آئی کو ہنگامی بنیادوں پر بحال کرکے غریب اور متوسط طبقے کیلئے مفت علاج کے کوٹے کو بڑھایا تاکہ پورے پاکستان سے آئے جگر کی پیوندکاری کے مریضوں کو یہ سہولت مفت فراہم کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو۔ وزیراعظم نے عوام سے اپیل کی کہ اپنی اور اپنے پیاروں کی حفاظت کیلئے انفرادی سطح پر ہیپاٹائٹس کے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات کا خیال رکھیں، ویکسینشن کروائیں اور باقائدگی سے سکریننگ ٹیسٹ کروائیں.

ہیپاٹائٹس کی آگاہی کے حوالے سے میڈیا سے بھی اپیل ہے کہ اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ عوامی رابطہ مہم سے اس مرض کے خاتمے کیلئے انفرادی احتیاطی اقدامات کی آگاہی لوگوں تک پہنچائیں کیونکہ ملکِ پاکستان اور اسکے لوگوں کی حفاظت ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پورا اعتماد ہے کہ ویکسینیشن، اس مرض کی بروقت تشخیص اور علاج کی سہولیات کی بنیادی سطح پر فراہمی سے ہم اس مرض کے پھیلاؤ پر قابو پانے میں کامیاب ہونگے۔ میں صحت کے نظام کے تمام مقامی اور بین الاقوامی شراکت داروں کو پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے مل کر کام کرنے کی دعوت دیتا ہوں اور اس مرض کے خاتمے کیلئے شبانہ روز محنت کرنے والے تمام متعلقہ اداروں کے اہلکاروں اور ڈاکٹرز کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔