23واں فیفا ورلڈ کپ دوسرا سیمی فائنل ، دفاعی چیمپئن ارجنٹائن سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا ،انگلینڈکا 60 سالہ خواب چکنا چور کر دیا

دفاعی چیمپئن ارجنٹائن نے 23 ویں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوسرے سیمی فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری لمحات میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار فائنل میں جگہ بنا لی ۔

اٹلانٹا۔16جولائی (اے پی پی):دفاعی چیمپئن ارجنٹائن نے 23 ویں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوسرے سیمی فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری لمحات میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار فائنل میں جگہ بنا لی ۔ ای ایس پی این کے مطابق انگلینڈکا 60 سالہ خواب چکنا چور ہوگیا۔ارجنٹائن کی جانب سےاینزو جیریمیاس فرنانڈیز اور لاوٹارو جیویر مارٹنیز نے ایک، ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔انگلینڈ کی طرف سے واحد گول انتھونی مائیکل گورڈن نے سکور کیا۔ اس شکست کے بعد انگلش ٹیم ایک بار پھر عالمی ٹائٹل کے خواب سے محروم رہ گئی۔اٹلانٹا میں کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے میں تھامس ٹوخیل کی زیرقیادت انگلینڈ طویل عرصے بعد اپنے پہلے مردوں کے ورلڈ کپ فائنل (1966 کے بعد) تک رسائی کے قریب دکھائی دے رہا تھا۔

سخت مقابلے کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان جارحانہ کھیل دیکھنے میں آیا جہاں مجموعی طور پر 19 فاؤلز ہوئے اور امریکی ریفری اسماعیل الفتح کو میچ کنٹرول کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔پہلے ہاف میں دفاعی چیمپئن ارجنٹائن کے اینزو فرنانڈیز نے دور سے خطرناک شاٹ کھیلا جو معمولی فرق سے ہدف سے باہر گیا تاہم دونوں ٹیمیں وقفے تک گول کرنے میں ناکام رہیں۔میچ کے 55 ویں منٹ میں انگلینڈ نے برتری حاصل کی جب مورگن راجرز نے دائیں جانب سے شاندار کراس دیا اور انتھونی گورڈن نے دور کے پوسٹ پر گیند جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم انگلینڈ کو ارجنٹائن کے خلاف 0-1 کی برتری دلائی۔گول کے بعد ارجنٹائن نے انگلینڈ کے گول پرسٹ پر مسلسل حملے شروع کر دئیے۔ نیکو گونزالیز کے خطرناک ہیڈر کو انگلینڈ کے گول کیپر جارڈن پِکفورڈ نے غیر معمولی ریفلیکس سیو کے ذریعے روک دیا جبکہ الیکسس میک ایلسٹر کا ایک ہیڈر پوسٹ سے ٹکرا گیا۔

آخرکار 85 ویں منٹ میں ارجنٹائن کو برابری کا موقع ملاجس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اینزو فرنانڈیز نے لیونل میسی کے پاس پر تقریباً 25 گز کی دوری سے شاندار شاٹ لگا کر گیند کو جال میں پہنچا کر مقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا۔ برابری کے بعد ارجنٹائن کا دباؤ مزید بڑھ گیا۔ میک ایلسٹر کی ایک اور کوشش رائیگاں گئی جبکہ انجری ٹائم کے 92 ویں منٹ میں لیونل میسی نے عمدہ کراس پاس دیا جس پر لاوتارو مارٹینیز نے زبردست ہیڈر کے ذریعے فیصلہ کن گول سکور کر کے ارجنٹائن کو 1-2 کی تاریخی فتح دلا دی۔اس کامیابی کے ساتھ ارجنٹائن نے مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈ کپ فائنل میں جگہ بنا لی جہاں اتوار کو اس کا مقابلہ سپین سے ہوگا۔ دوسری جانب انگلینڈ اب تیسرپوزیشن کے میچ میں فرانس کا سامنا کرے گا۔میچ کے اختتامی لمحات میں ارجنٹائن کی برق رفتار واپسی، اینزو فرنانڈیز کا شاندار گول لیونل میسی کی فیصلہ کن اسسٹ اور لاوتارو مارٹینیز کے فاتحانہ ہیڈر نے شائقین کو ایک یادگار سیمی فائنل کا تحفہ دیا۔