23ویں ہیلتھ ایشیا نمائش کے موقع پر طبی شعبے کی اہم شخصیات کو تیسرے نیشنل ہیلتھ ایوارڈز سے نوازا دیا گیا

23ویں ہیلتھ ایشیا نمائش کے موقع پر طبی شعبے کی اہم شخصیات کو تیسرے نیشنل ہیلتھ ایوارڈز سے نوازا دیا گیا

کراچی۔ 11 ستمبر (اے پی پی):ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ)، وزیراعظم صحت کارڈ، سرکاری و نجی اسپتالوں، طبی تحقیق، ڈیجیٹل ہیلتھ اور صحتِ عامہ کے شعبوں سے وابستہ نمایاں شخصیات کو 23ویں ہیلتھ ایشیا نمائش کے موقع پر منعقدہ تیسرے نیشنل ہیلتھ ایوارڈز سے نوازا گیا۔ سماء ٹی وی کے سینئر صحافی حامد الرحمان اور اے آر وائی نیوز کے محمد انور خان کو بھی صحت کی بہترین رپورٹنگ پر ایوارڈز سے نوازا گیا۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبیداللہ کو صحتِ عامہ میں اصلاحات کے لیے بہترین رہنما، وزیراعظم کے قومی صحت پروگرام کے تحت وزیراعظم صحت کارڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد ارشد قائمخانی کو ممتاز بصیرت افروز رہنما کا ایوارڈ دیا گیا۔

آغا خان یونیورسٹی اسپتال اینڈ ہیلتھ سسٹم پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر فرحت عباس کو بہترین اسپتال سی ای او قرار دیا گیا، جبکہ جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں پیشنٹس ایڈ فاؤنڈیشن سے وابستہ پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود کو صحتِ عامہ کی غیر سرکاری تنظیم کے مؤثر رہنما کا ایوارڈ ملا۔ سندھ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونیٹولوجی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سید جمال رضا، ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری اینڈ ڈائیگناسٹک سینٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پروفیسر ڈاکٹر فرحان عیسیٰ عبداللہ اور ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے پروفیسر ایمریٹس ڈاکٹر مسعود حامد خان کو ممتاز بصیرت افروز طبی رہنماؤں کے ایوارڈز دیے گئے۔پاکستان میں بون میرو ٹرانسپلانٹیشن کے شعبے کے بانیوں میں شمار ہونے والے مرحوم پروفیسر ڈاکٹر طاہر شمسی کو بھی بعد از مرگ ممتاز طبی رہنما کا ایوارڈ دیا گیا۔

ہیلتھ ریسرچ ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عبدالباسط کو ممتاز طبی محقق کا ایوارڈ دیا گیا۔ رفاہ ہیلتھ کیئر سروسز کے مینیجنگ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عمر عواب خان کو مریضوں کے تحفظ کے شعبے میں بہترین رہنما کا ایوارڈ ملا۔ سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) کے پروفیسر اور ڈاکٹر بابر حسن کو مریضوں کے تحفظ کے مؤثر اقدام پر ایوارڈ دیا گیا۔سینا ہیلتھ کیئر سسٹمز کے چیئرمین و بانی ڈاکٹر آصف امام کو ڈیجیٹل ہیلتھ میں تبدیلی کے ممتاز رہنما کا ایوارڈ ملا، جبکہ "میری صحت” کےشریک بانی بابر رشید خان کو جدید ریموٹ پیشنٹ مانیٹرنگ سلوشن، نوواڈاک کے شریک بانی عمر منیا کو ممتاز ہیلتھ انفارمیشن ماہر اور اولادوک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عابد زبیری کو بہترین ٹیلی میڈیسن منصوبے کا ایوارڈ دیا گیا۔

فارما ایوو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید جمشید احمد کو ممتاز فارما مارکیٹنگ لیڈر قرار دیا گیا، جبکہ ڈاکٹر دانش سعید، ڈاکٹر اسداللہ رومی اور ڈاکٹر ہاشم خان کو بیرونِ ملک خدمات انجام دینے والے ممتاز پاکستانی معالجین کے اعزازات سے نوازا گیا۔مانیٹر ہیلتھ انٹرنیشنل کو جدید حل اور سندھ میڈیکل اسٹورز کو متنوع مصنوعات کے پورٹ فولیو پر اعزاز سے نوازا گیا ۔کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقدہ تین روزہ ہیلتھ ایشیا نمائش کے دوران 26 کانفرنسز، سیمینارز اور ورکشاپس بھی ہوئیں، جن میں مریضوں کا تحفظ، ذیابیطس، ڈیجیٹل ہیلتھ، صحتِ عامہ کی ترجیحات، مصنوعی ذہانت، ایمرجنسی میڈیسن، طبی سیاحت، ہیلتھ کیئر ایکریڈیٹیشن، سائبر بایوسکیورٹی، مڈوائفری، ذہنی صحت، مقامی سطح پر طبی آلات کی تیاری، امراضِ قلب، سرجری، امراضِ نسواں اور ریڈیالوجی سمیت مختلف موضوعات پر ماہرین نے اظہار خیال کیا۔

مزید خبریں