23 مارچ تجدید عہد کا دن ہے اور اس دن ہم تحریک پاکستان کے تمام قومی ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد ۔ 23 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے 23 مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے اپنے پیغام میںکہا ہے کہ 23 مارچ تجدید عہد کا دن ہے اور اس دن ہم تحریک پاکستان کے ان تمام قومی ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے خواب کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے قرار داد پاکستان …

اسلام آباد ۔ 23 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے 23 مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے اپنے پیغام میںکہا ہے کہ 23 مارچ تجدید عہد کا دن ہے اور اس دن ہم تحریک پاکستان کے ان تمام قومی ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے خواب کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے قرار داد پاکستان منظور کی،اس قوم کو دو قومی نظریہ کے ذریعے یہ باور کرایا کہ پاکستان ہندوستان کے ساتھ مسلمان شناخت کی بنیاد پر زندہ نہیں رہ سکتا،دور حاضر کا سب سے بڑا چیلنج کورونا وائرس 23 مارچ کے عزم اور تجدید عہد کو اجاگر کرتا ہے ، آج کے دن پوری قوم کو اکٹھا ہونا چاہئے جس طرح تحریک پاکستان کی اس وقت کی قیادت قیام پاکستان کے لئے اکٹھی ہوئی تھی ۔پیر کو یوم پاکستان کے دن اپنے ویڈیو پیغام میں معاون خصوصی نے کہا کہ آج کا دن ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے، کئی دہائیوں پہلے انہوں نے جس جدوجہد کا آغاز کیا جس کے بعد پاکستان معرض وجود میں آیا ،آج ہندوستان نے اپنی انتہا پسندی ، مذہبی اختلافات اور ہندوتوا کو فروغ دیکر 23مارچ کے دن کی اہمیت اور فوقیت کو اور زیادہ اجاگر کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن جہاں ہم اپنے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں وہاں قیام پاکستان کیلئے ان تمام خاندانوں کی قربانیوں کو نہ صرف سراہتے ہیں بلکہ آج کے دن اپنی اگلی نسل تک ان داستانوں اور قربانیوں کو پہنچانے، ازسرنو ان میں جوش و جذبہ پیدا کرنے، تعمیرپاکستان کے تصور کو ابھارنے کیلئے قیام پاکستان کی جدوجہد کو یاد رکھنا ضروری ہے ۔یہ دن پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے اور آج کے دن قیام پاکستان کیلئے داغ بیل ڈالی گئی ،اس کی بنیاد رکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ملک کو درپیش چیلینجز کے پیش نظر ملک کی سیاسی ، سماجی ، معاشی ، میڈیا کی قیادت اور اہم شہریوں سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ان مسائل پر قابو پایا جائے ۔ ملک کو درپیش چیلینجز کے تدارک کیلئے ایک قومی بیانیہ ترتیب دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دور حاضر کا سب سے بڑا چیلنج کورونا وائرس 23 مارچ کے عزم اور تجدید عہد کو اجاگر کرتا ہے ۔ آج کے دن پوری قوم کو اکٹھا ہونا چاہئے جس طرح تحریک پاکستان کی اس وقت کی قیادت اکٹھی ہوئی تھی جس میں ہمارے اقلیتی بھائی بھی شامل تھے انہوں نے اپنی جدوجہد سے تکمیل پاکستان کے خواب کو پورا کیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ آج پھر ہمیں کورونا وائرس سے لڑنے کیلئے بھی ہمیں ایسی ہی ہم آہنگی ، یکجہتی اور قومی اتفاق رائے سے جُڑے بیانیہ کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے تمام ہم وطنوں سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کو مستحکم بنانے کیلئے جو معاشی محاذ پر درست سمت میں آگے بڑھ رہا تھا اس کو رواں دواں رکھنے کیلئے اس وباء سے چھٹکارا اشد ضروری ہے ۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ہم کورونا کو اسی وقت شکست دیے سکتے جب ہم سب ملکر اس کے راستے کے آگے دیوار بن کر کھڑے ہوں ۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستانی ایک ایسی سیسہ پلائی دیوار ہیں جو کسی بھی مشکل سے نبرد آزما ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ 23 مارچ کے دن ہم اپنے قائد سے یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم سب ملکر پاکستان کو کورونا سمیت دیگر درپیش مسائل اور مشکلات سے محفوظ رکھنے کیلئے بحیثیت شہری اور بحیثیت حکومت اور بحیثیت عوام اپنا اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔