31 خواتین نے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے تحت لیڈی ہیلتھ وزیٹر کا دو سالہ پیشہ ورانہ تربیتی کورس کامیابی سے مکمل کر لیا

31 خواتین نے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے تحت لیڈی ہیلتھ وزیٹر کا دو سالہ پیشہ ورانہ تربیتی کورس کامیابی سے مکمل کر لیا

اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے ضلع اپر کوہستان سے تعلق رکھنے والی 31 خواتین نے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لوکل ایریا ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت پبلک ہیلتھ سکول ایبٹ آباد سے لیڈی ہیلتھ وزیٹر (ایل ایچ وی) کا دو سالہ پیشہ ورانہ تربیتی کورس کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔ کورس پر 5 کروڑ 88 لاکھ روپے لاگت آئی۔ کاروباری و سماجی ذمہ داری کے تحت واپڈا کے اس اقدام کا بنیادی مقصد اپر کوہستان میں بنیادی صحت کی سہولیات میں بہتری لانا، بالخصوص ماں اور بچے کی صحت کے تحفظ کو یقینی بنانا اور بیماریوں سے بچائو کے حوالے سے عوامی آگاہی کو فروغ دینا ہے۔دو سالہ تربیتی کورس کی تکمیل پر جلال بابا آڈیٹوریم ایبٹ آباد میں گزشتہ روز منعقد ہونے والی تقریب میں کامیاب خواتین میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔

کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ تقریب میں کوہستان سے رکن قومی اسمبلی ملک محمد ادریس نے بھی شرکت کی۔ کمشنر ہزارہ ڈویژن نے واپڈا کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف بنیادی صحت کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی بلکہ اپر کوہستان کے دور دراز علاقوں میں خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بھی بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ تربیت یافتہ ایل ایچ ویز اپنی اپنی کمیونٹیز میں خواتین اور بچوں میں صحت عامہ کے فروغ، بیماریوں کی روک تھام اور طبی سہولیات کی فراہمی میں موثر کردار ادا کریں گی۔ کمشنر ہزارہ ڈویژن نے مزید کہا کہ سول انتظامیہ اور واپڈا مقامی آبادی کی فلاح و بہبود کے لیے ترقیاتی سکیموں پر موثر عملدرآمد اور داسو ہائیڈروپاور پراجیکٹ کی بلا رکاوٹ تعمیر کیلئے قریبی رابطہ برقرار رکھیں گے۔

جنرل منیجر/پراجیکٹ ڈائریکٹر داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ انجینئر امیر شفیق الرحمان نے اس حوالہ سے کہا ہے کہ پراجیکٹ ایریا میں مقامی آبادی کی سماجی اور اقتصادی بہتری کے لیے متعدد ترقیاتی سکیموں پر ترجیحی بنیاد پر عملدرآمد جاری ہے جن کی بدولت مقامی لوگوں کے رہن سہن میں مثبت اور دیرپا تبدیلی آئے گی۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ واپڈا داسو ہائیڈروپاور پراجیکٹ کے لوکل ایریا ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت پراجیکٹ ایریا کے لوگوں کی ترقی کے لیے متعدد سکیموں پر کام کر رہا ہے۔ 4 ارب 80 کروڑ روپے کی مجموعی لاگت سے 30 ترقیاتی سکیمیں مکمل کی جا چکی ہیں ۔ مکمل ہونے والی سکیموں کا تعلق بنیادی انفراسٹرکچر ، صحت ، تعلیم اور توانائی کے شعبوں سے ہے جبکہ کئی ایک سکیمیں عملدرآمد کے مختلف مراحل میں ہیں۔ مزید برآں ،داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر تقریباً 3 ہزار 450 مقامی افراد کو روزگار کے مواقع بھی حاصل ہیں۔