اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):وفاقی آئینی عدالت نے کراچی کے عوامی پارکس کو تجارتی اور کھیلوں کے مقاصد کے لیے استعمال کرنے سے متعلق کیس میں کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) کی اپیل پر سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف حکمِ امتناع جاری کر دیا ۔چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پیر کو اپیل کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران کے ایم سی …

مزید خبریں
اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):وفاقی آئینی عدالت نے کراچی کے عوامی پارکس کو تجارتی اور کھیلوں کے مقاصد کے لیے استعمال کرنے سے متعلق کیس میں کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) کی اپیل پر سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف حکمِ امتناع جاری کر دیا ۔چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پیر کو اپیل کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران کے ایم سی کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ معاملہ کے ایم سی کے انتظامی و قانونی اختیارات سے متعلق ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کے ایم سی نے قرارداد کے ذریعے کراچی کے نو عوامی پارکس کو کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے کی منظوری دی تھی، تاہم سندھ ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ کے ایم سی کو اس نوعیت کی اجازت دینے کا اختیار نہیں ہے۔وکیل کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے چھبیس اگست 2025 کے فیصلے میں کے ایم سی کا اقدام کالعدم قرار دیا، جسے آرٹیکل 10-اے کے تحت شنوائی کے حق کے بغیر سنایا گیا۔ کے ایم سی نے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیس مفادِ عامہ سے متعلق ہے اور اس پر تفصیلی سماعت ضروری ہے۔
بعد ازاں وفاقی آئینی عدالت نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے اور مزید سماعت 27 نومبر تک ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ عوامی پارکس کو کمرشل طور پر کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے کے کے ایم سی کے فیصلے کے خلاف شہریوں نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، جہاں کے ایم سی کا اقدام کالعدم قرار دیا گیا تھا۔








