برازیل کی سپریم کورٹ نے سابق صدر جائر بولسونارو کی قید کے فیصلے کو برقرار رکھنے کی منظوری دے دی

برازیلیا۔25نومبر (اے پی پی):برازیل کی سپریم کورٹ نے سابق صدر جائر بولسونارو کی جیل منتقلی کے فیصلے کو برقرار رکھنے کی منظوری دیدی ہے۔ جائر بولسونارو کو ہفتے کے روز اس الزام میں حراست میں لیا گیا تھا کہ انہوں نے الیکٹرانک نگرانی کیلئے لگائے گئے الیکٹرانک اینکل مانیٹر کو سولڈرنگ آئرن کی مدد سے خراب کرنے کی کوشش کی۔اے ایف پی کے مطابق جائر بولسونارو کو گھر میں نظر …

برازیلیا۔25نومبر (اے پی پی):برازیل کی سپریم کورٹ نے سابق صدر جائر بولسونارو کی جیل منتقلی کے فیصلے کو برقرار رکھنے کی منظوری دیدی ہے۔ جائر بولسونارو کو ہفتے کے روز اس الزام میں حراست میں لیا گیا تھا کہ انہوں نے الیکٹرانک نگرانی کیلئے لگائے گئے الیکٹرانک اینکل مانیٹر کو سولڈرنگ آئرن کی مدد سے خراب کرنے کی کوشش کی۔اے ایف پی کے مطابق جائر بولسونارو کو گھر میں نظر بندی کے دوران حراست میں لیا گیا جہاں وہ 27 سال قید کی سزا کے خلاف اپیل کے دوران فرار کے خدشے کے پیش نظر رکھے گئے تھے۔

سپریم کورٹ کے جج الیگزینڈر ڈی مورائس نے اپنے فیصلے میں کہا کہ جائر بولسونارو نے جان بوجھ کر اور شعوری طور پر الیکٹرانک مانیٹرنگ ڈیوائس کی خلاف ورزی کی۔عدالت کے تین دیگر ججوں نے بھی اس فیصلے کی توثیق کی۔ الیگزینڈر ڈی مورائس نے مزید نشاندہی کی کہ ان کی رہائش گاہ کے قریب امریکا کے سفارتخانے کی موجودگی اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بولسونارو کے قریبی تعلقات کے باعث یہ شبہ بھی موجود تھا کہ وہ سیاسی پناہ لینے کے لیے بھاگنے کی کوشش کر سکتے تھے۔

اتوار کو برازیلیا میں ہونے والی ایک سماعت میں بولسونارو نے عدالت کو بتایا کہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب وہ ادویات کے باعث پریشانی اور ذہنی انتشار کا شکار ہو گئے تھے۔ انہوں نے یہ بھی موقف اختیار کیا کہ ان کا فرار ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ۔تاہم، ہفتے کو جاری ہونے والی عدالتی ویڈیو میں بولسونارو نے مختلف بیان دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صرف تجسس کے تحت سولڈرنگ آئرن سے الیکٹرانک اینکل مانیٹر کو گرم کیا ۔

ویڈیو میں آلہ واضح طور پر جلا ہوا اور خراب نظر آ رہا تھا ۔بولسونارو کی وکلا ٹیم نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ وہ فیصلے پر نظرثانی کرے اور سابق صدر کو انسانی بنیادوں پر گھر میں نظر بندی کی حالت میں واپس بھیجا جائے کیونکہ ادویات کے باعث وہ ذہنی انتشارکا شکار ہیں۔سپریم کورٹ پہلے ہی بولسونارو کی ایک اپیل مسترد کر چکی ہے۔

مزید خبریں