چنیوٹ ،ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا اجلاس، ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ

ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں دریائے چناب میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر حفاظتی اور انتظامی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

چنیوٹ۔ 01 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں دریائے چناب میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر حفاظتی اور انتظامی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ ریسکیو، سول ڈیفنس، ایریگیشن، زراعت، ایجوکیشن، ٹریفک پولیس، ایم سیز، ضلع کونسل، ہیلتھ، لائیو سٹاک و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور اپنے اپنے اداروں کی تیاریوں سے آگاہ کیا، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفسیر ریسکیو 1122 میڈم طاہرہ خان نے کیے گئے انتظامات، موک ایکسرسائز و دیگر اموف کے حوالے سے آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام محکمے ہمہ وقت الرٹ رہیں، ریسکیو، ریلیف اور انخلا کے منصوبوں کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے اور حساس مقامات کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس لیے کسی بھی ممکنہ صورتحال سے بروقت اور مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔اجلاس میں فلڈ ریلیف کیمپس، مشینری، ریسکیو آلات، طبی سہولیات، پینے کے صاف پانی، خوراک، مویشیوں کے تحفظ، رابطہ نظام اور دیگر ضروری انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو باہمی رابطے کو مزید مؤثر بنانے، فیلڈ ٹیموں کو متحرک رکھنے اور دریائے چناب کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں، صرف مستند ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔