اسلام آباد ۔ 13 جون (اے پی پی) نگراں وفاقی وزیر اطلاعات ،نشریات ،قومی تاریخ و ادبی ورثہ بیرسٹر سید علی ظفر نے ہدایت کی ہے کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان قومی ورثہ سے متعلق اہم امور میں اشتراک عمل یقینی بنانے کے لئے کوآرڈینیشن کمیٹی قائم کی جائے جو اٹھارویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد وفاق اور صوبوں کے درمیان پیش آنے والی تکنیکی اور انتظامی نوعیت …
نگران وفاقی وزیر اطلاعات ،نشریات قومی تاریخ و ادبی ورثہ بیرسٹر سید علی ظفر کی قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے دورے کے موقع پر اجلاس میں ہدایت
اسلام آباد ۔ 13 جون (اے پی پی) نگراں وفاقی وزیر اطلاعات ،نشریات ،قومی تاریخ و ادبی ورثہ بیرسٹر سید علی ظفر نے ہدایت کی ہے کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان قومی ورثہ سے متعلق اہم امور میں اشتراک عمل یقینی بنانے کے لئے کوآرڈینیشن کمیٹی قائم کی جائے جو اٹھارویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد وفاق اور صوبوں کے درمیان پیش آنے والی تکنیکی اور انتظامی نوعیت کی رکاوٹوں کو دور کرنے میں کردار ادا کرے۔ یہ ہدایات انہوں نے بدھ کو قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے دورے کے موقع پر منعقدہ بریفنگ کے دوران جاری کیں۔ وفاقی وزیر بیرسٹر علی ظفر نے کہاکہ لائبریریوں، عجائب گھروں، قومی ورثہ سے متعلق اہم تاریخی مقامات اور نوادرات سے متعلقہ امور میں وفاق اور صوبوں میں اشتراک عمل کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں کوآرڈینیشن کا موثر عمل موجود ہونا ناگزیر ہے تاکہ وہ تمام رکاوٹیں اور مشکلات دور ہوں جن کا وفاق اور صوبوں کی سطح پر اداروں کو سامنا کرنا پڑرہا ہے اور بین الاقوامی ڈونرز کو بھی مشکلات درپیش آتی ہیں۔ نگراں وزیر اطلاعات نے قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کو اہداف کے واضح تعین کے ساتھ منصوبہ جات کی تشکیل کا ورکنگ پیپر تیار کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان قدیم ترین تہذیبوں کا مرکز ہے۔ ہماری سرزمین دنیا کے بہترین تاریخی مقامات اور نوادرات سے مالا مال ہے جس کے ذریعے دنیا کو پاکستان کا مثبت اور روشن چہرہ دکھایا جاسکتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے قومی ورثہ کو دنیا کے ساتھ بانٹیں۔









