نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و توانائی سیّد علی ظفر کا پاک۔جرمن قابل تجدید توانائی فورم کے قیام کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 17 جولائی (اے پی پی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و توانائی سیّد علی ظفر نے کہا ہے کہ قابل تجدید توانائی فورم سے صاف اور گرین انرجی کی دستیاب استعداد سے فائدہ اٹھانے کیلئے پاکستان کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں پاکستان اور جرمنی کے درمیان پاک۔جرمن قابل تجدید توانائی فورم کے قیام کیلئے مفاہمت کی یادداشت …

اسلام آباد ۔ 17 جولائی (اے پی پی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و توانائی سیّد علی ظفر نے کہا ہے کہ قابل تجدید توانائی فورم سے صاف اور گرین انرجی کی دستیاب استعداد سے فائدہ اٹھانے کیلئے پاکستان کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں پاکستان اور جرمنی کے درمیان پاک۔جرمن قابل تجدید توانائی فورم کے قیام کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر اور سیکرٹری پاور ڈویژن رضوان میمن نے بھی شرکت کی۔ سید علی ظفر نے کہا کہ یہ فورم قابل تجدید توانائی، توانائی کی صورتحال کو بہتر بنانے، صارفین تک رسائی بڑھانے اور پاکستان اور جرمنی میں تعاون کو فروغ دینے کا سبب بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور دنیا بھر میں اس شعبہ میں ہونے والی پیشرفت اور دستیاب استعداد صارفین کیلئے پائیدار، صاف، سستی اور بہتر توانائی کے وسائل کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت متبادل توانائی کے شعبہ میں ترقی یافتہ ممالک کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی بڑے پیمانے پر قابل تجدید توانائی سے استفادہ کرنے والا ملک ہے اور اس شعبہ میں اس کا تجربہ اور مہارت بالخصوص پاکستان کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ صاف، سستی اور قابل تجدید توانائی کے وسائل سے استفادہ کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قابل تجدید توانائی ملک کی توانائی کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو پورا کرنے کا ایک بڑا آپشن ہے جس سے ملک کی اقتصادی صورتحال کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچے گا اور عالمی سطح پر موسمی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے اقدامات کے نتیجہ میں کاربن گیسوں کے اخراج میں بھی کمی آئے گی۔ اس موقع پر جرمنی کے سفیر نے قابل تجدید توانائی فورم کے قیام کیلئے متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بالخصوص شمسی توانائی، چھوٹے پن بجلی منصوبوں، ہوا، بائیو ماس اور دیگر ذرائع سے قابل تجدید توانائی حاصل کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

مزید خبریں