وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 29 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) اور پاکستان پریس کونسل کو ختم کر کے عنقریب نئی پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی تشکیل دی جائے گی جو الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرے گی، سابقہ حکومت اشتہارات کے سر پر چل رہی تھی جبکہ ہم نے ذاتی تشہیر کے لئے سرکاری …

اسلام آباد ۔ 29 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) اور پاکستان پریس کونسل کو ختم کر کے عنقریب نئی پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی تشکیل دی جائے گی جو الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرے گی، سابقہ حکومت اشتہارات کے سر پر چل رہی تھی جبکہ ہم نے ذاتی تشہیر کے لئے سرکاری اخراجات پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس وقت پیمرا الیکٹرانک میڈیا اور پاکستان پریس کونسل پرنٹ میڈیا کے معاملات کو دیکھ رہی ہے‘ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پیمرا اور پاکستان پریس کونسل کے قوانین میں ترمیم کرکے ایک ہی ادارہ پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی بنایا جائے جس میں اپنے اپنے شعبے کے ماہرین شامل ہوں گے۔ اس ضمن میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور متعلقہ ماہرین کے ساتھ مشاورت کی جائے گی اور پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی تشکیل دی جائے گی جو الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرے گی۔ اس سے قومی وسائل کی بچت ہوگی اور یہ پیشہ ورانہ ماہرین اور میڈیا کے نمائندوں پر مشتمل عالمی درجہ کا ادارہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات کے اداروں میں بھی نمایاں تبدیلی لائے جا رہی ہے۔