کابل ۔ 14ستمبر (اے پی پی) افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے کہا ہے کہ اس خطے میں کسی بھی حکومت کے لیے انتہاپسند اور دہشت گرد عناصر طویل مدت تک مدد گار ثابت نہیں ہوں گے۔انھوں نے برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ خطے میں امن و استحکام چاہتے ہیں اور ہم اس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں چیلنجز ہیں، لیکن ہمیں امید ہے کہ ہم مل جل کر کام کر کے ان کا مقابلہ کر سکیں گے، لیکن یہ صرف دونوں طرف سے مخلصانہ تعاون کے ذریعے ہی ممکن ہے۔انھوں نے تسلیم کیا کہ امریکا اور طالبان کے مابین رابطے ہوئے ہیں، لیکن ان کا مقصد طالبان پر افغان حکومت سے بات چیت کرنے کے لئے دباﺅ ڈالنا ہے۔انھوں نے کہا کہ اگر طالبان جمہوری عمل کا حصہ بننا چاہتے ہیں تو ہم ان کا خیرمقدم کریں گے۔