وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 17 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ریمانڈ کے دوران ایک ملزم کو ایوان میں بلا کر مثال قائم کی ہے‘ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن اراکین کا رویہ قابل مذمت ہے ، جس طرح دھاندلی کے خلاف کمیشن بنایا گیا اسی طرح ملک کے موجودہ حالات کے ذمہ داروں کے تعین …

اسلام آباد ۔ 17 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ریمانڈ کے دوران ایک ملزم کو ایوان میں بلا کر مثال قائم کی ہے‘ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن اراکین کا رویہ قابل مذمت ہے ، جس طرح دھاندلی کے خلاف کمیشن بنایا گیا اسی طرح ملک کے موجودہ حالات کے ذمہ داروں کے تعین کے لئے کمیشن بنایا جائے۔ وزیراعظم نے صحیح کہا تھا کہ 50 لوگوں کو جیلوں میں ہونا چاہیے ‘ وہی لوگ یہ شور مچا رہے ہیں لیکن احتساب کا عمل رکنے والا نہیں۔ جنہوں نے پاکستان کا پیسہ چوری کیا ان کا احتساب ضرور ہوگا۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ احتساب کے عمل سے بچنے کے لئے اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا لیکن سپیکر کی طرف سے ریمانڈ کے دوران ایک مجرم کو ایوان میں بلا کر مثال قائم کی گئی ہے۔ ماضی میں پروڈکشن آرڈر جاری کر کے جیل سے لوگوں کو لایا گیا مگر ریمانڈ کے دوران کسی کو ایوان میں نہیںلایا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کو ریمانڈ کے دوران ایوان میں بلانے کی حکومت نے مخالفت نہیں کی۔ احتساب کا عمل ہمارا شروع کیا ہوا نہیں۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے اپنی پسند کے لوگ احتساب کے لئے لگائے ہوئے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انتخابات میں پی ٹی آئی جیت جائے تو دھاندلی اور مسلم لیگ (ن) جیت جائے تو وہ دھاندلی زدہ نہیں ہوتے۔ مرضی کے خلاف نتائج آئیں تو جمہوریت کو خطرہ ہو جاتا ہے۔