وزیرِ اعظم عمران خان کی پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن اور کونسل آف نیوز پیپرز ایڈیٹرز کے وفد سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 17 اکتوبر (اے پی پی) وزیرِ اعظم عمران خان سے پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن اور کونسل آف نیوز پیپرز ایڈیٹرز کے وفد نے بدھ کو یہاں ملاقات کی، جس میں وزیرِ اطلاعات چوہدری فواد حسین، معاون خصوصی برائے میڈیا افتخار درانی، سینٹر فیصل جاوید، سیکرٹری اطلاعات شفقت جلیل بھی موجود تھے۔ وفد نے وزیرِ اعظم کو اخباری صنعت اور الیکٹرانک میڈیا کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ …

اسلام آباد ۔ 17 اکتوبر (اے پی پی) وزیرِ اعظم عمران خان سے پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن اور کونسل آف نیوز پیپرز ایڈیٹرز کے وفد نے بدھ کو یہاں ملاقات کی، جس میں وزیرِ اطلاعات چوہدری فواد حسین، معاون خصوصی برائے میڈیا افتخار درانی، سینٹر فیصل جاوید، سیکرٹری اطلاعات شفقت جلیل بھی موجود تھے۔ وفد نے وزیرِ اعظم کو اخباری صنعت اور الیکٹرانک میڈیا کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ صدر سی پی این ای نے کہا کہ میڈیا کے حوالے سے موجودہ حکومت کی پالیسی عدم مداخلت اور فئیر رہی ہے۔ وزیرِ اعظم نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک اس وقت مشکل دور سے گذر رہا ہے۔ سابقہ حکومتوں نے جس انداز میں سرکاری وسائل اور عوام کے پیسوں کا استعمال کیا اور ملک کو جس دلدل میں دھکیلا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک تیس ٹریلین کا مقروض ہو چکا ہے۔ معیشت کا آج جو حال ہے ایسا ملکی تاریخ میں کبھی نہیں تھا۔ آج قرضوں کی قسطیں ادا کرنے کے لیے چھ ارب روپے روزانہ کی بنیاد پر ادا کرنے پڑ رہے ہیں۔ ماضی کی حکومتوں نے عوام کی بنیادی ضرورتوں کو نظر انداز کیا۔ صحت، تعلیم، انسانی نشوونما جیسے اہم مسائل کو نظر انداز کیا گیا۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے ہم نے کفایت شعاری کی مہم شروع کی۔ جہاں وزیرِ اعظم نے اپنے دفتر سے کفایت شعاری کا آغاز کیا وہاں تمام وزراتوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اخراجات میں کمی لائیں۔ قوم کا ایک روپیہ خرچ کرتا ہوں تو تکلیف ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کروڑوں روپے حکمرانوں کی عیاشیوں اور شاہانہ اخراجات پر خرچ کیے گئے۔ معاشی حالات پر مزید بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں کوشش کر رہے ہیں کہ ایسا حل نکالیں کہ عوام کو کم سے کم تکالیف کا سامنا کرنا پڑے۔ وزیر اعظم نے میڈیا کویقین دلایا کہ موجودہ حکومت کے دورِ حکومت میں میڈیا کو اپنا کام کرنے کی مکمل آزادی میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ جب کبھی میڈیا کی جانب سے ایسی بات دیکھنے میں آتی ہے کہ جہاں ملکی مفاد کا خیال نہیں رکھا جاتا تو وہاں افسوس ہوتا ہے۔