اسلام آباد ۔ 7 نومبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 18ویں آئینی ترمیم کو رول بیک کرنے کے خدشات کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے خدشات بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں، اسرائیل کے حوالے سے پاکستان کی خارجہ پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر مملکت نے کہاکہ اٹھارہویں …
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 7 نومبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 18ویں آئینی ترمیم کو رول بیک کرنے کے خدشات کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے خدشات بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں، اسرائیل کے حوالے سے پاکستان کی خارجہ پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر مملکت نے کہاکہ اٹھارہویں آئینی ترمیم کو رول بیک کرنے کے حوالے سے خدشات بے بنیاد اور بے سر و پا ہیں، اٹھارہویں آئینی ترمیم کو رول بیک کرنے کے حوالے سے کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ صدر مملکت نے اسرائیل سے متعلق پاکستان کی پالیسی میں تبدیلی کے تاثر کی بھی نفی کی اور کہا کہ 1967ءکی عرب اسرائیل جنگ کے بعد پاکستان نے اسرائیل کے حوالے سے جو پالیسی اپنائی تھی، پاکستان اس پر کاربند رہے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ اسرائیل کے حوالے سے تبدیلی پر نہ کوئی بحث ہو رہی ہے اور نہ اس طرح کی کسی تبدیلی کا جائزہ لیا جا رہا ہے، پاکستان کا اس حوالے سے واضح موقف ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ کوئی کس طرح فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے جارحانہ اقدامات اور قبضے کو نظرانداز کر سکتا ہے۔ صدر مملکت نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے مظلوم اور نہتے کشمیریوں کے خلاف ظلم و ستم کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ آئین کے تحت صدر کا اہم کردار ہوتا ہے کیونکہ صدارتی منصب وفاق کی علامت ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے سعودی عرب اور چین کے دوروں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ دونوں دورے بہت کامیاب رہے، سعودی عرب کے پیکج سے ادائیگیوں میں توازن کے مسئلے سے نمٹنے میں مدد ملی ہے، اس کے علاوہ موخر ادائیگی پر تیل کی فراہمی، پاکستان میں آئل ریفائنری کے قیام میں سعودی دلچسپی اور ریکوڈک میں معدنیات کی تلاش اس دورے کی اہم کامیابیاں ہیں۔








