وزیراعظم عمران خان کا قبائلی علاقہ جات کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے بعد انتظامی و دیگر معاملات پر پیشرفت کے جائزہ اجلاس سے خطاب

120
APP105-09 ISLAMABAD: November 09 - Prime Minister Imran Khan chairs Progress Meeting on FATA Merger, at PM Office. APP

اسلام آباد ۔ 9 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت این ایف سی ایوارڈ میں فاٹا کو حصہ دلانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی، فاٹا انضمام قبائلی علاقوں کے لوگوں کی زندگیوں کو بدلنے اور ان میں واضح بہتری لانے کے مقصد کے پیش نظر کیا گیا، فاٹا انضمام کے خلاف مذموم مقاصد کی خاطر لوگوں کو گمراہ کرنے والی قوتوں کو ملکر کو ناکام بنائیں گے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے جمعہ کو یہاں وزیراعظم آفس میں قبائلی علاقہ جات کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے بعد انتظامی و دیگر معاملات پراب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان ، وزیرِ اعلیٰ محمود خان، وزیرِ اعظم کے مشیر شہزاد ارباب، فاٹا سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز اور پارلیمنٹیرینز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو فاٹا انضمام کے بعد انتظامی و دیگر معاملات پر اب تک ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایات کی روشنی میں اب تک فاٹا سیکرٹریٹ کے کئی محکمے صوبہ خیبر پختونخوا کو منتقل کیے جا چکے ہیں ، ان محکموں میں تعلیم، زکوات ، عشر، سوشل ویلفیئر اور بہبودآبادی شامل ہیں، دیگر محکموں کی منتقلی پر بھی کام جاری ہے۔ اجلاس میں بتایا گیاکہ انضمام شدہ علاقوں کی تعمیر و ترقی کے لئے دس سالہ منصوبہ بندی کے لئے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے۔