
لاہور۔20 نومبر(اے پی پی )پاکستان ریلویز اور نیشنل ریلویز ایڈمنسٹریشن چائنہ کے مابین ریلوے کی مین لائن ون (ایم ایل ون ) کے ابتدائی ڈیزائن کی تیاری کے حوالے سے معاہدہ پر دستخط ہو گئے‘ معاہدہ پر پاکستان ریلویز کی طرف سے چیف ایگزیکٹو آفیسر آفتاب اکبر اور نیشنل ریلویز ایڈمنسٹریشن چائنہ کی طرف سے این لو شگ نے دستخط کئے‘ اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد اور دیگر ریلوے حکام بھی موجود تھے‘ معاہدہ کے مطابق نیشنل ریلویز ایڈمنسٹریشن چائنہ ایم ایل ون کے ابتدائی ڈیزائن کی رپورٹ 25 دسمبر تک دے گا‘ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایم ایل ون سی پیک کی ریڑھ کی ہڈی ہے جس کے بغیر یہ منصوبہ مکمل نہیں ہو سکتا‘ ایم ایل ون کے حوالے سے چینی وفد کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین دونوں سٹریٹجیکل دوست ہیں جو ایک دوسرے پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ نیشنل ریلویز ایڈمنسٹریشن چائنہ کے ساتھ انویسٹمنٹ کا طریقہ کار بھی طے پا گیا ہے لیکن اس سلسلہ میں معاملات اعلیٰ سطح پر آگے بڑھائے جائیں گے‘ انہوں نے کہا کہ حویلیاں‘خنجراب کا پراجیکٹ میرا خواب تھا جو آج تعبیر ہونے جارہا ہے‘ ایم ایل ٹو اور تھری پر بھی سٹرٹیجک کام کرنا چاہتے ہیں کیونکہ بدقسمتی سے دیگر ملکوں میںریلویز بہت آگے نکل گئی ہے اور پاکستان ریلویز پیچھے رہ گئی ہے‘ موجودہ حکومت ریلوے کو بہت آگے لیکرجانا چاہتی ہے