پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 دسمبر سے شروع ہوگا

79

ابوظہبی ۔ 30 نومبر (اے پی پی) پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آخری میچ 3 دسمبر سے ابوظہبی میں شروع ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ کیویز نے پہلے میچ میں پاکستان کو 4 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے کیویز کو ایک اننگز اور 16 رنز سے شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کردی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ فائنل کی حیثیت اختیار کر گیا ہے اور جو ٹیم یہ میچ جیتے گی وہ سیریز اپنے نام کرنے کی حقدار ہوگی۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے میچ میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں۔ اس اعتبار سے توقع کی جارہی ہے کہ آخری ٹیسٹ میچ انتہائی سخت اور کانٹے دار ہوگا اور شائقین کرکٹ کو ایک اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا۔