اسلام آباد ۔ یکم دسمبر (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات بھائی چارے اوردو طرفہ تعاون سے عبارت ہیں ، دو نوں ملکوں کی قیادت کی سرپرستی میں دو طرفہ تعلقات مزیدتقویت اورہر شعبے میں وسعت اختیار کرتے ہوئے طویل المدت سٹریٹیجک اکنامک پارٹنرشپ میں تبدیل ہوچکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو متحدہ عرب امارات کے 47ویں قومی دن کے موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں کیا۔ متحدہ عرب امارات کی قیادت کو بھیجے جانے والے خطوط میں وزیرِ اعظم کی جانب سے مبارکباد اور نیک خواہشات کا پیغام دیا ہے۔47 سال کے مختصر عرصے میں آج امارات ترقی، خوشحالی اور گڈ گورننس کی مثال بن چکا ہے جو عرب امارات کی قیادت کی دور اندیشی اور وژن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔