وزیراعظم عمران خان سے جاپان کے وزیراعظم کے قومی سلامتی مشیر کینتارو سونورا کی ملاقات

اسلام آباد ۔ 5 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں جاپانی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر اور انسانی وسائل ترقی کے شعبوں میں وسیع تر تعاون کے فروغ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات جاپان کے وزیراعظم کے قومی سلامتی مشیر کینتارو سونورا سے گفتگو کرتے ہوئے کی جنہوں نے بدھ …

اسلام آباد ۔ 5 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں جاپانی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر اور انسانی وسائل ترقی کے شعبوں میں وسیع تر تعاون کے فروغ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات جاپان کے وزیراعظم کے قومی سلامتی مشیر کینتارو سونورا سے گفتگو کرتے ہوئے کی جنہوں نے بدھ کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔ قومی سلامتی مشیر نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ وزیراعظم نے قومی سلامتی مشیر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات میں مثبت رفتار کار کی تعریف کی۔ انہوں نے جاپانی عوام کی متاثر کن گرمجوشی، ولولے اور جذبے کو بھی سراہا۔ ترقیاتی اور سرمایہ کاری شراکت دار کی حیثیت سے جاپان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر اور انسانی وسائل ترقی کے شعبوں میں وسیع تر تعاون کے خواہاں ہیں۔ وزیراعظم نے پاکستان میں جاپانی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نوجوان آبادی اور معدنیاتی وسائل کی دولت سے مالا مال ہے، اس تناظر میں ملک وسیع اقتصادی مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایشیاءمیں جاپانی کاروبار کے بارے میں ”جیٹرو“ سروے میں مثبت آمدن منافع جات اور مستقبل میں کاروباری توسیع کے حوالہ سے پاکستان کو سرکردہ ملک قرار دیا گیا ہے۔