صدر آصف علی زرداری نے انڈونیشیا کی بحریہ کے سربراہ کو نشان امتیاز (ملٹری) عطا کیا
صدر آصف علی زرداری نے انڈونیشیا کی بحریہ کے سربراہ کو نشان امتیاز (ملٹری) عطا کیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے انڈونیشین بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی کو دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لئے ان کی خدمات کے اعتراف میں نشان امتیاز (ملٹری) عطا کیا ہے۔ انہیں یہ اعزاز پیر کو ایوان صدر میں منعقدہ خصوصی تقریب میں دیا گیا۔ تقریب میں چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، اراکین پارلیمنٹ اور سفارتی برادری کے ارکان نے بھی شرکت کی۔

ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے صدر مملکت سے ملاقات بھی کی جنہوں نے انہیں یہ اعلیٰ اعزاز ملنے پر مبارکباد دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دیرپا اور برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔ انہوں نے دونوں بحری افواج کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ بلیو اکانومی اور سمندری شعبے کی باہمی ترقی میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے جسے بھرپور انداز میں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے پاکستان نیوی کی جانب سے منعقدہ مشقوں میں انڈونیشیا کی بحریہ کی باقاعدہ شرکت کو سراہا۔انڈونیشیا کے سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) چندر ڈبلیو سوکوتجو ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی کے ہمراہ تھے۔







