بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کیساتھ مفاہمتی یادداشت پردستخط
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کیساتھ مفاہمتی یادداشت پردستخط

مزید خبریں
اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے درمیان پیر کو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے جن کا مقصد ڈیجیٹلائزیشن، ڈیٹا کی بنیاد پر خدمات کی فراہمی، قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری اور ہنگامی حالات میں مؤثر سماجی تحفظ کے نظام کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ ترجمان بی آئی ایس پی کے مطابق چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے تقریب میں شرکت کی۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل این ایس ای آر/سی سی ٹی ڈاکٹر عاصم اعجاز جبکہ این آئی ٹی بی کی طرف سے پروجیکٹ ڈائریکٹر فیصل ممتاز، اور پی آر سی ایس کی طرف سے محمد عبید اللہ خان نے مفاہمتی یاداشت پردستخط کئے۔ این آئی ٹی بی کے ساتھ مفاہمت کے تحت ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پراجیکٹ (DEEP) کے ذریعے دونوں ادارے شہریوں کے لئے سروسز کی ڈیجیٹلائزیزشن اور ملک بھر میں بی آئی ایس پی کی خواتین بینیفشریز کے لئے خدمات تک رسائی کو مزید بہتر بنانے کے لئے تعاون کریں گے جبکہ پی آر سی ایس کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے قدرتی آفات سے قبل مستحق افراد کی نشاندہی، آفات سے نمٹنے کی تیاری اور ہنگامی حالات میں مؤثر سماجی تحفظ کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے ڈیٹا شیئرنگ، ادارہ جاتی رابطہ کاری اور صوبوں اور سرکاری اداروں کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیا تاکہ باہمی کوششوں میں ہم آہنگی پیدا کی جا سکے اور عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دستیاب ڈیٹا کو مربوط انداز میں استعمال کرنے اور اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری سے بالخصوص ہنگامی حالات اور قدرتی آفات کے دوران کمزور طبقات کی ضروریات پوری کرنے کے لئے زیادہ مؤثر اقدامات کئے جا سکتے ہیں۔چیئرپرسن نے کہا کہ بی آئی ایس پی کا وسیع جیو ٹیگڈ ڈیٹا قدرتی آفات کے دوران متاثرہ آبادیوں کی نشاندہی اور ان تک بروقت رسائی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے جس سے بروقت اقدامات اور زیادہ مؤثر معاونت کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔







