وزیراعلیٰ بلوچستان نےکینسر کی مریضہ کی علاج کے لیے سرکاری خرچ پر فنڈز کی منظوری دے دی

وزیراعلیٰ بلوچستان نےکینسر کی مریضہ کی علاج کے لیے سرکاری خرچ پر فنڈز کی منظوری دے دی

کوئٹہ۔ 14 ستمبر (اے پی پی):وزیر برائے محکمہ کموڈیٹی مینجمنٹ و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نورمحمد خان دمڑ کی خصوصی سفارش پر وزیراعلیٰ نے ضلع ہرنائی سے تعلق رکھنے والی کینسر کی مریضہ محترمہ پاپو بی بی زوجہ شین گل خان کے علاج کے لیے سرکاری خرچ پر فنڈز کی فوری منظوری دے دی ۔وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر محکمہ صحت نے ڈاکٹر ضیاء الدین ہسپتال کراچی کو باقاعدہ مراسلہ جاری کرتے ہوئے مریضہ کا علاج سرکاری اخراجات پر کرنے کی ہدایت کی ہے ۔اس موقع پر صوبائی وزیر حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان غریب اور مستحق مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں۔

حکومت بلوچستان کسی بھی مستحق مریض کو علاج کی بنیادی سہولت سے محروم نہیں رہنے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاپو بی بی کے علاج کے لیے سرکاری اخراجات کی منظوری وزیراعلیٰ کے عوام دوست اور انسان دوست وڑن کا عملی ثبوت ہے۔ حکومت مشکل کی گھڑی میں اپنے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور مستحق افراد کی ہر ممکن مدد جاری رکھی جائے گی محکمہ صحت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مریضہ کے علاج کی اجازت ایک ماہ کے لیے مؤثر ہوگی جبکہ کینسر کے علاج کے سلسلے میں او پی ڈی کی سہولت بھی اس منظوری میں شامل ہے ۔

عوامی و سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ اور صوبائی وزیر حاجی نورمحمد خان دمڑ کے اس انسانی ہمدردی پر مبنی اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ سرکاری تعاون سے مریضہ کو بروقت اور معیاری علاج کی سہولت میسر آئے گی۔