وفاقی وزیر امورکشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور کا کشمیر کلچرل فیسٹیول کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 5 فروری (اے پی پی)وفاقی وزیر امورکشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پورنے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں ۔وہ منگل کو لوک ورثہ اسلا م آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ کشمیر کلچرل فیسٹیول کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری فنکارون ،طلباء وطالبات کی اپنی صلاحیتوں کے ذریعے کشمیر کی ثقافت اور …

اسلام آباد ۔ 5 فروری (اے پی پی)وفاقی وزیر امورکشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پورنے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں ۔وہ منگل کو لوک ورثہ اسلا م آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ کشمیر کلچرل فیسٹیول کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری فنکارون ،طلباء وطالبات کی اپنی صلاحیتوں کے ذریعے کشمیر کی ثقافت اور اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے کی کوشش قابل تعریف ہے۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں میڈیا پر پابندیوں کے باوجود مقبوضہ وادی میں ڈھائے جانے والے مظالم دنیا کے سامنے آ رہے ہیں اور بھارت کا بدنما چہرہ پوری عالمی دنیا کے سامنے بے نقاب ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم آج اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور پاکستان کا جھنڈا اٹھا کر حق خود ارادیت کی جدوجہد کرنے والے نہتے اور مظلوم کشمیریوں کو سلام پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عواج جس عزم اور بہادری سے حق خو د ارادیت کی تحریک کو آگے لے چل رہے ہیں اس سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت سے اپنا حق خودارادیت جلد لینے میں کامیاب ہو جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان دنیا کے تمام فورمز پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز سے اجاگر کررہا ہے اور انہیں یقین ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو جلد ان کا حق خودارادیت دلوا کر پوری پاکستانی قوم اور حکومت سرخرو ہوں گے۔ کشمیر کلچرل فیسٹیول کا انعقاد یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے لوک ورثہ اسلام آباد میں منعقد کیا گیا جس میں کشمیری فنکاروں اور طلباء وطالبات کی کثیر تعداد اس دن کی اہمیت اور کشمیر کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے شرکت کی ،کشمیر فیسٹیول میں کشمیری نغمو ں ،تقاریر اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی ویڈیوز چلا کر اس دن کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔