اسلام آباد ۔ 7 فروری (اے پی پی) وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام میںملک میں صحت کی سہولیات بہتر بنانے کے لئے مجموعی طورپر اب تک 2 ارب 21 کروڑ 84 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کردیئے ہیں، حکومت نے اس ڈویژن کے ترقیاتی کاموں کے لئے رواں مالی سال کے دوران 12 ارب 78 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز مختص کئے ہیں۔ پلاننگ کمیشن کی طرف سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق حکومت نے پمز میں انڈوسکوپی اور ڈائیگناسٹک سروسز کی اپ گریڈیشن کے لئے ایک کروڑ 96 لاکھ، اے جے کے میں چائلڈ ہیلتھ پروگرام کے لئے 12 کروڑ 96 لاکھ، گلگت بلتستان میں چائلڈ ہیلتھ پروگرام کے لئے 6کروڑ 19 لاکھ، پرائمنسٹر نیشنل ہیلتھ پروگرام کے لئے 96 کروڑ اور پرائمنسٹر ہیلتھ پروگرام فیز IIکے لئے 80 کروڑ روپے سے زائد فنڈز جاری کر دیئے گئے ہیں۔