وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سبطین رضا لودھی کی والدہ کی رسم چہلم کے موقعہ پر میڈیا سے بات چیت

ملتان ۔ 31 مارچ (اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نیشنل سکیورٹی پر بلاول بھٹو اور شہباز شریف سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کے سربراہوں کو بات چیت کی دعوت دے دی،انھوں نے کہا کہ ملکی مفاد کیلئے سب کو اکٹھا ہونا ہوگا، عمران خان نہ تو ڈیل کے قائل ہیں اور نہ ڈھیل کے ، سندھ اسمبلی کی پارلیمانی جماعتوں نے وزیراعظم سے صوبائی حکومت کے بارے …

ملتان ۔ 31 مارچ (اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نیشنل سکیورٹی پر بلاول بھٹو اور شہباز شریف سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کے سربراہوں کو بات چیت کی دعوت دے دی،انھوں نے کہا کہ ملکی مفاد کیلئے سب کو اکٹھا ہونا ہوگا، عمران خان نہ تو ڈیل کے قائل ہیں اور نہ ڈھیل کے ، سندھ اسمبلی کی پارلیمانی جماعتوں نے وزیراعظم سے صوبائی حکومت کے بارے میں اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے،تہمینہ جنجوعہ کی ریٹائرمنٹ کے بعد سہیل محمود نئے سیکرٹری خارجہ ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبطین رضا لودھی کی والدہ کی رسم چہلم کے موقعہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو سے کہتا ہو ں کہ اس وقت سب کو ریڈ لائن کا خیال رکھنا چاہیے،نیشنل سیکورٹی پر سب مل بیٹھیں، میں ان کو مل بیٹھنے کی دعوت دیتا ہوں، وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ ملکی حالات کے لیے سب کو اکٹھا ہونا ہوگا۔ ا یک سوال کے جواب میںانہوںنے کہا کہ ڈالر مہنگا ہونے سے مہنگائی بڑھے گی، دیکھنا یہ ہے کہ ڈالر کو اصل قیمت پر پہنچنے سے کس نے روک رکھا ہے۔ انہوں نے کہا جنوبی پنجاب صوبہ ہمارا صرف نعرہ نہیں بلکہ اس کی اشد ضرورت بھی ہے،جنوبی پنجاب صوبے کا قیام ہمارا وعدہ ہے جس کیلئے بھرپور کوشش کریں گے، پی ٹی آئی کی قیادت اس کیلئے مخلصانہ کوششیں کررہی ہے کیونکہ ہمارے نزدیک 12کروڑ کاصوبہ چلانا ممکن نہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی ایک عرصے سے دست و گریباں تھے، پی پی 218 کے ضمنی الیکشن میں ان کا گٹھ جوڑ سامنے آگیا ہے، گٹھ جوڑ کی سیاست کے خلاف لوگ آج بھی آواز اٹھا رہے ہیں، ضمنی الیکشن میں جو نتائج رہیں گے وہ جمہوری عمل کا حصہ ہوں گے، ووٹر آج سیاستدانوں سے چار قدم آگے کی سوچ رکھتے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ گزشتہ 7ماہ سے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کے ساتھ کام کررہا ہوں وہ بہت فہم و فراست رکھنے والی خاتون ہیں اور میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ پورا دفتر خارجہ ان کی ریٹائرمنٹ پر خراج تحسین پیش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تہمینہ جنجوعہ 16اپریل کو اپنی مدت ملازمت پوری کررہی ہیں جس کے بعد سہیل محمود کو سیکرٹری خارجہ مقرر کیا جائے گا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود نئے سیکرٹری خارجہ ہونگے، وزیر اعظم نے ان کی تقرری کی منظوری دے دی ہے۔ پلوامہ ایشو پر سہیل محمود نے عمدہ سفارت کاری کی اور امید ہے کہ وہ خارجہ امور کے حوالے سے بھی ہماری توقعات پر پورا اتریں گے۔انہو ںنے کہا کہ نیب ایک خودمختار ادارہ ہے، حکومت نے اب تک نہ تو نیب کے معاملات میں مداخلت کی ہے اور نہ کرسکتے ہیں، عمران خان نہ ڈیل کے قائل ہیں اور نہ ڈھیل کے، وہ احتساب چاہتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گھوٹکی جلسہ میں سندھیوں نے وزیراعظم کا بھرپور استقبال کیا، سندھ اسمبلی کی پارلیمانی جماعتوں نے وزیراعظم سے صوبائی حکومت کے بارے میں تحفظات کا اظہار کیا ہے جبکہ اتحادی جماعتوں نے آئی جی سندھ اور چیف سیکرٹری کے میرٹ پر فیصلے کرنے کے بارے میں بھی باتیں کیں۔ سندھ میں پیپلزپارٹی نے اپنے ایم پی ایز کو 20‘20 کروڑ روپے کے فنڈز دیے ہیں جبکہ اتحادیوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے فنڈز کے غلط استعمال پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ محترمہ بینظیر بھٹو کے نام سے بنے اس ادارے سے کوئی مسئلہ نہیں، ذاتی طور پر ادارے کا نام تبدیل کرنے کے حق میں نہیں۔بعد ازاں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سبطین رضا لودھی کی والدہ کے فاتحہ چہلم میں شرکت کی اور خصوصی دعا کروائی۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کڈنی سنٹر کا دورہ کیا جہاں ڈاکٹر علی عمران زیدی نے ان کا استقبال کیا،انھوں نے مریضوں کی عیادت بھی کی، اس موقع پر انہیں کڈنی سنٹر کا دورہ کرایا گیا اور وہاں دی جانے و الی جدید سہولتوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ ڈویژنل صدراعجازحسین جنجوعہ ، رانا عبدالجبار ودیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔

Leave a Reply