وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 31 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور ملک کے عوام پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کو معاف نہیں کریں گے کیونکہ دونوں جماعتوں نے عوامی پیسے کو لوٹا ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے ریمارکس کا …

اسلام آباد ۔ 31 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور ملک کے عوام پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کو معاف نہیں کریں گے کیونکہ دونوں جماعتوں نے عوامی پیسے کو لوٹا ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے ریمارکس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کچھ بھی کر لے، اکٹھی بھی ہو جائے تب بھی موجودہ حکومت انہیں نہیں چھوڑے گی کیونکہ ان دونوں جماعتوں نے ملک و قوم کا پیسہ لوٹا ہے، قوم نے بھی آپ کو معاف نہیں کیا، آپ کے پاس صرف ایک ہی راستہ ہے کہ لوٹی ہوئی قومی دولت واپس کر دو، پھر ہم آپ کو چھوڑ دیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو کے ٹرین مارچ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے کرپشن چھپانے کے لیے نہیں بلکہ منصفانہ انتخابات کے مطالبے کے لیے دھرنا دیا تھا لیکن پاکستان پیپلز پارٹی نے صرف اپنی بدعنوانی چھپانے کے لیے ٹرین مارچ شروع کیا۔ معاون خصوصی نے الزام عائد کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ٹرین مارچ میں شریک لوگوں کو 2000 روپے یومیہ ادا کیے کیونکہ یہ ٹرین مارچ لوگوں کے فائدے کے لیے نہیں بلکہ ان کی اپنی کرپشن چھپانے کے لیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی حکومت احتساب کا آغاز کرتی ہے اپوزیشن جمہوریت کو خطرہ ہے کا شور کرنا شروع کر دیتی ہے، ملک میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں بلکہ بدعنوان عناصر کو خطرہ ہے کیونکہ موجودہ حکومت بدعنوان عناصر کے بلاتفریق احتساب کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی دونوں جماعتیں ایک دوسرے پر بدعنوانی کے الزامات لگاتی رہی ہیں لیکن اب اپنی کرپشن کو چھپانے کے لیے دونوں جماعتیں حکومت کے خلاف متحد ہو گئی ہیں۔ عثمان ڈار نے پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) دونوں جماعتوں کو کسی قسم کے لانگ مارچ، ٹرین مارچ یا کسی دیگر ایسی حرکت سے باز رہنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ ملک کے عوام ان دونوں سیاسی جماعتوں کی کرپشن اور لوٹ مار سے اچھی طرح واقف ہیں۔

Leave a Reply