اسلام آباد ۔ 17 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر ہائوسنگ و تعمیرات طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ ''نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبہ'' ملکی تاریخ کا شفاف ترین منصوبہ ہو گا، 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ آسان نہیں بلکہ چیلنجنگ ہے، نجی شعبہ کی معاونت سے رہائشی سہولیات کی فراہمی کے عمل کو آگے بڑھائیں گے۔ بدھ کو یہاں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبہ کے …
”نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبہ” ملکی تاریخ کا شفاف ترین منصوبہ ہو گا،وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 17 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر ہائوسنگ و تعمیرات طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ ”نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبہ” ملکی تاریخ کا شفاف ترین منصوبہ ہو گا، 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ آسان نہیں بلکہ چیلنجنگ ہے، نجی شعبہ کی معاونت سے رہائشی سہولیات کی فراہمی کے عمل کو آگے بڑھائیں گے۔ بدھ کو یہاں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبہ کے تحت 25 ہزار رہائشی یونٹس کی تعمیر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ہائوسنگ چوہدری طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ آج کا منصوبہ وزیراعظم کا وژن اور خواب ہے جس کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے، کم آمدنی والے لوگوں کو رہائش کی سہولت فراہم کرنا وزیراعظم عمران خان کا وژن تھا، میرے لئے یہ بات باعث خوشی ہے کہ اس منصوبے کے افتتاح کے موقع پر میں یہاں موجود ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ناقدین کے لئے بھی ایک بھرپور جواب ہے، جن کا کہنا تھا کہ یہ ناقابل عمل ہے لیکن آج ثابت ہوا کہ یہ چیلنج قبول کرنا عمران خان کے علاوہ کوئی دوسرا کر ہی نہیں سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی اس طرح کے منصوبے شروع کئے گئے تھے لیکن وہ ناکامی سے دوچار ہوئے، میں پوری پاکستانی قوم سے وعدہ کرتا ہوں کہ ”نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبہ” ملکی تاریخ کا شفاف ترین منصوبہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہائوسنگ کے شعبہ کی بہتری کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبہ کے حوالہ سے تمام قانونی اور ضابطہ جاتی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے کام ہو رہا ہے، اس شعبے میں نجی شعبے کو بھی شامل کیا جائے گا۔ وفاقی سیکرٹری ہائوسنگ عمران زیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ستمبر میں وزیراعظم نے ایک اجلاس میں انہیں بلایا اور 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف دیتے ہوئے ہدایت کی کہ یہ مشکل کام ہے لیکن ناممکن نہیں ہے، آج اللہ کے فضل و کرم سے اس منصوبے کا آغاز ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے حوالے سے تمام تقاضے پورے کئے جا رہے ہیں، قانونی امور کو بھی حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ سیکرٹری ہائوسنگ نے کہا کہ ہائوسنگ کا شعبہ ایک چیلنجنگ شعبہ ہے، اس شعبے میں نجی شعبے کے ساتھ مل کر اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہائوسنگ کمپنی بنائی گئی ہے جبکہ نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی کا قیام بھی عمل میں لایا جا چکا ہے، یہ تمام اقدامات 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کی جانب سفر کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائوسنگ فائونڈیشن کے تحت 25 ہزا فلیٹس کی تعمیر کا افتتاح ہو چکا ہے، چھ ہزار فلیٹس راولپنڈی میں بنائے جائیں گے، اس کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر میں بھی چھوٹے سرکاری ملازمین اور کم آمدنی والے افراد کے لئے یہ منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم 21 اپریل کو بلوچستان کا دورہ کر رہے ہیں، اس دورے میں وہ ایک لاکھ 20 ہزار رہائشی یونٹس کی تعمیر کا افتتاح کریں گے۔ ڈی جی ہائوسنگ فائونڈیشن نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو رہائشی گھروں کی فراہمی کے لئے ان کا ادارہ کام کر رہا ہے، ایک اندازے کے مطابق وفاقی اور صوبائی ملازمین کی تعداد 10 لاکھ سے زائد ہے، فائونڈیشن کے پاس ایک لاکھ 60 ہزار رجسٹرڈ ممبرز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے ہدف کے حصول میں تمام ادارے تعاون فراہم کریں گے۔








