وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی سعودی عرب کے پاکستان میں تعینات سفیر سے ملاقات کے دوران گفتگو

اسلام آباد ۔ 9 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مذہبی اور ثقافتی اعتبار سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات صدیوں پر محیط ہیں، پاکستان کے عوام خادم الحرمین الشریفین بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کیلئے عقیدت و احترام رکھتے ہیں۔ وہ جمعرات کوسعودی عرب کے پاکستان میں تعینات سفیر سے ملاقات کے …

اسلام آباد ۔ 9 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مذہبی اور ثقافتی اعتبار سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات صدیوں پر محیط ہیں، پاکستان کے عوام خادم الحرمین الشریفین بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کیلئے عقیدت و احترام رکھتے ہیں۔ وہ جمعرات کوسعودی عرب کے پاکستان میں تعینات سفیر سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہی تھیں۔ سعودی سفیر نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان میں ثقافتی سنٹر بنانے کا خواہشمند ہے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ثقافتی سنٹرز بنانے کے پروگرام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ثقافتی سینٹرز قائم کرنے کے حوالے سے بھرپور معاونت کریں گے۔سعودی سفیر نے کہاکہ سعودی ویژن 2030 کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان سے ہنر مند لوگوں کو سعودی عرب میں خوش آمدید کہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات حکومتی سطح کے ساتھ دونوں ملکوں کی عوام میں بھی بہت مضبوط ہیں۔ ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا حالیہ پاکستان کا دورہ انتہائی اہم تھا، محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران معیشت کے مشترکہ معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ محمد بن سلمان کے دورے کے دوران ان کا یہ کہنا کہ ”مجھے سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر جانا جائے“ دونوں بردار اسلامی ممالک کے مضبوط تعلقات کو ظاہر کرتا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ ہر آزمائش ہر گھڑی میں سعودی عرب نے پاکستان کا ساتھ دیا۔ملاقات میں ثقافتی اور میڈیا میں تعاون کے حوالے سے ایگزیکٹو پروگرام کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کی ثقافتی سرگرمیوں کے حوالے سے سالانہ کیلنڈر ترتیب دینے پر اتفاق ہوا۔وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں سعودی سفیر کے کردار کو سراہا۔

Leave a Reply