اسلام آباد/بشکیک۔ 22 مئی (اے پی پی)وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم ( ایس سی او) کے معاشی تجزیاتی مراکز کے کنسورشیم کے ذریعے علاقائی ترقی کے موضوعات پر تحقیق مثبت قدم ہے ، رکن ممالک میں اقتصادی، معاشی اور تجارتی تعاون کے لئے تحقیقی مراکز نہایت اہم ثابت ہوں گے، ایس سی او کے سیکرٹری جنرل کے دورہ پاکستان کے منتظرہیں۔ انہوں نے یہ بات بدھ …
وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کا ایس سی او سیکریٹری جنرل ولاد میر نوروو سے ملاقات میں اظہار خیال

مزید خبریں
اسلام آباد/بشکیک۔ 22 مئی (اے پی پی)وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم ( ایس سی او) کے معاشی تجزیاتی مراکز کے کنسورشیم کے ذریعے علاقائی ترقی کے موضوعات پر تحقیق مثبت قدم ہے ، رکن ممالک میں اقتصادی، معاشی اور تجارتی تعاون کے لئے تحقیقی مراکز نہایت اہم ثابت ہوں گے، ایس سی او کے سیکرٹری جنرل کے دورہ پاکستان کے منتظرہیں۔ انہوں نے یہ بات بدھ کوکرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے دوران سیکریٹری جنرل ولاد میر نوروو سے ملاقات میں کہی۔ وزیر خارجہ شاہ نے ایس سی او کے سیکریٹری جنرل کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اورکہاکہ ان کی قیادت میں تنظیم پھلے پھولے گی اور اس کی علاقائی اور عالمی اہمیت اور اثر پذیری میں اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ ہم سیکریٹری جنرل ایس سی او کے دورہ پاکستان کے منتظرہیں، امید ہے کہ وہ جلد اپنے دورے کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔ شاہ محمودقریشی نے کہاکہ تعاون کی نئی راہوں کی تلاش کے لئے ایس سی او سیکریٹریٹ کی محنت اور رکن ممالک کی طرف سے کاوشوں کو سراہتے ہیں ، ایس سی او رکن ممالک میں تعاون کے لئے سیکریٹری جنرل کی کوششیں قابل تحسین ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایس سی او کے معاشی تجزیاتی مراکز کے کنسورشیم کے ذریعے علاقائی ترقی کے موضوعات پر تحقیق مثبت قدم ہے ، ایس سی او ممالک میں اقتصادی، معاشی اور تجارتی تعاون کے لئے یہ تحقیقی مراکز نہایت اہم ثابت ہوں گے ، اسی طرح چھوٹے کاروبار کے لئے فورم اور ایس سی او رکن ممالک کی یوتھ آرگنائزیشن کا قیام لائق تحسین ہے اور ان اقدامات سے نوجوانوں کی بے پناہ دستیاب صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر بہتری کے مقاصد حاصل ہوسکتے ہیں ۔ سیکریٹری جنرل ایس سی او نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس تنظیم کے مقرر کردہ اہداف کے حصول کیلئے اپنی بھرپور کاوشیں بروئے کار لائیں گے۔








