اسلام آباد ۔ 2 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے انتخابات میں کبھی بھی ہارس ٹریڈنگ کی حمایت نہیں کی اور سینٹ کے چیئرمین کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے دوران بھی اس قسم کے کسی واقعہ کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ انہوں نے جمعہ کو نجی نیوز چینل سے …
پی ٹی آئی ہارس ٹریڈنگ کی کبھی حمایت نہیں کرتی، سینٹ کے انتخابات میں ایسا کوئی واقعہ بھی رپورٹ نہیں ہوا، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان
اسلام آباد ۔ 2 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے انتخابات میں کبھی بھی ہارس ٹریڈنگ کی حمایت نہیں کی اور سینٹ کے چیئرمین کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے دوران بھی اس قسم کے کسی واقعہ کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ انہوں نے جمعہ کو نجی نیوز چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سینٹرز نے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کو اپنے ذاتی عزت و احترام کے باعث ووٹ دیئے اور ان کے خلاف سینٹ میں عدم اعتماد کی تحریک کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ وفاق کی علامت ہے اور صادق سنجرانی ایماندار شخص ہونے کے باعث ایوان کے معاملات روانی سے احسن طور پر چلا رہے تھے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کے پاس صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا کوئی ٹھوس جواز نہیں تھا اور ان پر کوئی غلط کام کرنے کا الزام بھی نہیں تھا تاہم اس کے باوجود حزب اختلاف نے عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے چیئرمین سینٹ سنجرانی پر حملہ کیا تاہم سینیٹرز کی اکثریت نے شفاف طورپرصادق سنجرانی کے حق میں ووٹ دیا اور انہیں اس عہدے پر برقرار رکھا۔









