کراچی۔ 3 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ کراچی میں صفائی مہم کے پہلے مرحلے میں برساتی نالوں اور اطراف کے کچرے کو صاف کریں گے، کے ایم سی اور ڈی ایم سی کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کی شام کراچی پورٹ ٹرسٹ میں تاجر برادری و دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ …
کراچی صفائی مہم کے پہلے مرحلے میں برساتی نالوں کو صاف کریں گے۔ وفاقی وزیر علی زیدی
کراچی۔ 3 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ کراچی میں صفائی مہم کے پہلے مرحلے میں برساتی نالوں اور اطراف کے کچرے کو صاف کریں گے، کے ایم سی اور ڈی ایم سی کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کی شام کراچی پورٹ ٹرسٹ میں تاجر برادری و دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ کلین کراچی مہم کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کلین کراچی مہم کا آغاز (آج) اتوار سے ہو گا۔ علی زیدی نے بتایا کہ کراچی میں 38 نالے ہیں جن کے ذریعے گندا پانی سمندر میں گرتا ہے اور ان نالوں میں13 بڑے نالے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی مہم میں لوگوں کا تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست تک کراچی کے نالوں کی صفائی کردی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی کے عوام، تاجر برادری، کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کے اشتراک سے کلین کراچی مہم شروع کی جا رہی ہے، مہم کی نگرانی ایف ڈبلیو او کرے گا جبکہ مہم میں رضا کاروں کی رجسٹریشن کے لئے آج کے پی ٹی کی عمارت میں کیمپ لگایا جائے گا۔ انہوں نے سندھ حکومت سے درخواست کی کہ وہ صوبے میں پلاسٹک بیگز ختم کرائے۔ انہوں نے کہا کہ میئر کراچی نے اختیارات کے مسائل کے باوجود بارشوں کے دوران اچھا کام کیا ہے، کلین کراچی مہم کے تحت پہلے مرحلے میں کراچی کے تمام نالوں کو مکمل صاف کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نالوں پر گھر بھی بن گئے ہیں جس کی وجہ سے نالوں میں نکاسی رک گئی ہے۔









