وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا ویڈیو پیغام میں اظہارخیال

اسلام آباد ۔ 3 اگست (اے پی پی)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وادی نیلم میں ہندوستان نے جس ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ کیا بھارت نے ثابت کر دیا کہ وہ امن کے راستے میں بڑی رکاوٹ ہے، معصوم بچوں ، خواتین اور نہتے شہریوں پر کلسٹر بم کا حملہ کرکے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی …

اسلام آباد ۔ 3 اگست (اے پی پی)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وادی نیلم میں ہندوستان نے جس ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ کیا بھارت نے ثابت کر دیا کہ وہ امن کے راستے میں بڑی رکاوٹ ہے، معصوم بچوں ، خواتین اور نہتے شہریوں پر کلسٹر بم کا حملہ کرکے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی ہے،سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کو پامال کیا ، انتہاپسند جماعت ”آر ایس ایس“ نے بھارت میں اقلیتوں پر زمین تنگ کر رکھی ہے،پوری دنیا کے سامنے بھارت بے نقاب ہو چکا ہے، پاکستانی قوم بھارتی جارحیت کی بھرپور مذمت کرتی ہے، ہندوستان کشمیریوں کے دلوں میں اپنا مقدمہ ہار چکا ہے،پاکستانی قوم کا کشمیر پر دو ٹوک موقف ہے، جس کی ترجمانی وزیراعظم بھی کرچکے ہیں،کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوانا موجودہ حکومت کا عزم ہے، پوری پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کیساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ بھارت جو دنیا میں سب سے بڑی جمہوریت اور سیکولر ہونے کا دعویدار ہے اس نے آر ایس ایس کے ذریعے ہندوستان اور مقبوضہ کشمیر کے اندر ایسی انسانیت سوز کارروائیاں روا رکھی ہوئی ہیں جس سے ہندوستان کی ریاستی دہشتگردی کا مائنڈ سیٹ بے نقاب ہو گیا ہے۔