صنعتی عمل تیز کرنے اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی، وزیر اعظم عمران خان

-اسلام آباد ۔ 9 اگست (اے پی پی) وزیرِاعظم عمران خان نے خصوصی اقتصادی زونز کو جلد از جلد مکمل طور پر فعال بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اقتصادی زونز کی جلد از جلد فعالیت اور ان میں بجلی، گیس، پانی اور روڈ انفراسٹرکچر جیسی مختلف سہولتوں کی دستیابی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو یہاں ملک میں قائم مختلف …

-اسلام آباد ۔ 9 اگست (اے پی پی) وزیرِاعظم عمران خان نے خصوصی اقتصادی زونز کو جلد از جلد مکمل طور پر فعال بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اقتصادی زونز کی جلد از جلد فعالیت اور ان میں بجلی، گیس، پانی اور روڈ انفراسٹرکچر جیسی مختلف سہولتوں کی دستیابی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو یہاں ملک میں قائم مختلف خصوصی اقتصادی زونز کے حوالہ سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وزیرِ توانائی عمر ایوب خان، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی ندیم بابر، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ جہانزیب خان، متعلقہ وفاقی سیکرٹریز، صوبائی سیکرٹریز اور دیگر سینئر افسران شریک تھے۔ ملک کے مختلف حصوں میں قائم مختلف خصوصی اقتصادی زونز کی موجودہ صورتحال، زونز میں قائم ہونے والی صنعتوں کیلئے ضروری سہولیات کی فراہمی اور ان کو مکمل طور پر فعال بنانے کیلئے مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے خصوصی اقتصادی زونز میں قائم ہونے والی صنعتوں کو حکومت کی جانب سے دی جانے والی مراعات پر خصوصی بریفنگ دی۔ وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز کی فعالیت نہ صرف صنعتی عمل کو تیز کرنے اور کاروباری طبقہ کو درپیش مشکلات دور کرنے کے لحاظ سے اہم ہے بلکہ اس سے نوجوانوں اور ہنرمندوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بھی خاطر خواہ مدد ملے گی۔ وزیرِاعظم نے خصوصی اقتصادی زونز کی فعالیت اور ان میں سہولیات کی دستیابی کے حوالہ سے وفاق اور صوبائی حکومتوں کے متعلقہ اداروں کے مابین مؤثر روابط کو یقینی بنانے کیلئے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی کو فوکل پرسن مقرر کیا۔ چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ خصوصی اقتصادی زونز میں بجلی، گیس، پانی و دیگر سہولتوں کی دستیابی کے سلسلہ میں ٹائم فریم مقرر کرکے وزیرِاعظم کو رپورٹ پیش کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مقررہ مدت میں طے شدہ اہداف کوحاصل کیا جائے۔

مزید خبریں
جمہوریہ ترکیہ کے سفارتخانے کی جانب سے ترکیہ وظائف 2026 کیلئے منتخب پاکستانی طلبہ کے اعزاز میں تعارفی و رہنمائی پروگرام کا انعقاد
جمہوریہ ترکیہ کے سفارتخانے کی جانب سے ترکیہ وظائف 2026 کیلئے منتخب پاکستانی طلبہ کے اعزاز میں تعارفی و رہنمائی پروگرام کا انعقاد اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):پاکستان میں جمہوریہ ترکیہ کے سفارتخانے نے ترکیہ وظائف 2026 کے لیے منتخب پاکستانی طلبہ کے اعزاز میں تعارفی و رہنمائی پروگرام کا انعقاد کیا جس میں نئے منتخب طلبہ، ترکیہ میں زیر تعلیم رہنے والے سابق پاکستانی طلبہ اور سفارتخانے کے نمائندگان نے شرکت کی۔ ترکیہ وظائف حکومت جمہوریہ ترکیہ کی جانب سے بیرون ملک ترک باشندوں اور متعلقہ برادریوں کے امور کے ادارے کے ذریعے فراہم کیے جاتے ہیں جن کے تحت بین الاقوامی طلبہ کو ترکیہ کی ممتاز جامعات میں انڈر گریجویٹ، ماسٹرز اور ڈاکٹریٹ کی سطح پر تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔ سال 2026ء میں پاکستان بھر سے 112 طلبہ کو ترکیہ وظائف کے لیے منتخب کیا گیا۔ اسلام آباد میں منعقدہ تعارفی پروگرام کا مقصد اسلام آباد اور گردونواح سے تعلق رکھنے والے منتخب طلبہ کو ترکیہ میں اعلیٰ تعلیم کے آغاز سے قبل ضروری معلومات اور رہنمائی فراہم کرنا تھا۔ پروگرام کا آغاز جمہوریہ ترکیہ کے سفیر کے خطاب سے ہوا۔ انہوں نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں ترکیہ وظائف کے تعلیمی حلقے میں خوش آمدید کہا۔ سفیر نے ترکیہ اور پاکستان کے درمیان تعلیمی اور عوامی روابط کی اہمیت پر زور دیا اور طلبہ کو ترکیہ میں اپنے تعلیمی تجربے سے بھرپور استفادہ کرنے کی ترغیب دی۔ اس موقع پر ترک سابق طلبہ انجمن کے صدر نے بھی طلبہ سے خطاب کیا اور اپنے تجربات کی روشنی میں انہیں ترکیہ میں تعلیمی زندگی اور دستیاب مواقع سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعلیمی روابط کے فروغ میں سابق طلبہ کے کردار کو اجاگر کیا۔ بعد ازاں سفارتخانے کے دفتر برائے تعلیمی مشاورت کی جانب سے طلبہ کے لیے خصوصی تعارفی نشست منعقد کی گئی جس میں پاکستان سے ترکیہ روانگی کی تیاری، ترکیہ پہنچنے کے بعد ابتدائی مراحل، جامعات میں تعلیمی و سماجی زندگی سے ہم آہنگی اور کامیاب تعلیمی سفر کے حوالے سے اہم رہنمائی فراہم کی گئی۔ پروگرام کے دوران منتخب طلبہ نے اپنا تعارف بھی کرایا اور اپنے تعلیمی پس منظر کے ساتھ ان ترک جامعات اور تعلیمی پروگراموں کے بارے میں بتایا جن میں وہ اپنی تعلیم جاری رکھیں گے۔ نشست نے طلبہ کو ایک دوسرے سے متعارف ہونے اور روانگی سے قبل ترکیہ وظائف کے سابق طلبہ اور دیگر اراکین سے رابطہ قائم کرنے کا موقع بھی فراہم کیا۔ سفارتخانہ ترکیہ نے تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے تعلیمی سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ طلبہ پر زور دیا گیا کہ وہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستی کی نمائندگی کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ سفارتخانہ جمہوریہ ترکیہ نے ترکیہ وظائف 2026 کے تمام منتخب طلبہ کے لیے ان کی تعلیم اور مستقبل میں کامیابی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔