اسلام آباد۔ 11 اگست (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ معاشرے کے اہم ستون کی حیثیت سے آئین پاکستان اقلیتوں کو مساوی حقوق کی مکمل ضمانت فراہم کرتا ہے۔ صدر ممکت نے اقلیتوں کے قومی دن جو آج 11 اگست کو منایا جا رہا ہے، کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ کوئی بھی ملک اس وقت تک ترقی کی منازل طے …
صدر ممکت ڈاکٹر عارف علوی کا اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر خصوصی پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔ 11 اگست (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ معاشرے کے اہم ستون کی حیثیت سے آئین پاکستان اقلیتوں کو مساوی حقوق کی مکمل ضمانت فراہم کرتا ہے۔ صدر ممکت نے اقلیتوں کے قومی دن جو آج 11 اگست کو منایا جا رہا ہے، کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ کوئی بھی ملک اس وقت تک ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا جب تک اس قوم کی صفوں میں اتحاد نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال 11 اگست کو یہ دن منانے کے پیچھے بھی یہی مقصد کار فرما ہے۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ کسی بھی قسم کے تعصب کا شکار ہوئے بغیر معاشرے میں بھائی چارے اور روادری کے فروغ کے اپنے عزم کا اعادہ کرے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس دن کو منانے کا ایک مقصد بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے پیغام کو اجاگر کرنا ہے، جس میں انھوں نے پاکستان کے تمام شہریوں کو مساوی حقوق دینے کا اعلان کیا تھا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قائداعظمؒ نے ہمیشہ اقلیتوں کے مساوی حقوق پر زور دیا کیونکہ انہیں قیام پاکستان کے لئے غیر مسلموںکی طرف سے دی گئی قربانیوں کا ادراک تھا۔ اقلیتوں کے کردار کو سراہتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ قائداعظم کی کابینہ سے آج تک اقلیتی برادری سیاست، تعلیم، صحت، ملکی دفاع، عدلیہ، سائنس اور فنون لطیفہ سمیت مختلف شعبوں میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں،ہم ان کے جذبے اور محنت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ آئیے ہم آج کے دن یہ عہد کریں کہ ہم سب ہر قسم کے تعصب سے آزاد ہو کر معاشرے میں برداشت، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دیں گے تاکہ ہمارا ملک مزید ترقی کر سکے۔








