وزیراعظم عمران خان کا کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 30 اگست (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کشمیرکی آزادی تک ہر فورم پر کشمیری عوام کے حقوق کی جنگ لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پوری پاکستانی قوم کشمیریوںکے ساتھ کھڑی ہے، ہندوستان پر آر ایس ایس کے مسلمانوں کے خلاف نفرت اور ہندو راج کے نظریے کا قبضہ ہے، مودی کی فاشسٹ حکومت کے کشمیریوں پر مظالم کو نہ روکا گیا …

اسلام آباد ۔ 30 اگست (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کشمیرکی آزادی تک ہر فورم پر کشمیری عوام کے حقوق کی جنگ لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پوری پاکستانی قوم کشمیریوںکے ساتھ کھڑی ہے، ہندوستان پر آر ایس ایس کے مسلمانوں کے خلاف نفرت اور ہندو راج کے نظریے کا قبضہ ہے، مودی کی فاشسٹ حکومت کے کشمیریوں پر مظالم کو نہ روکا گیا تو اس کے اثرات پوری دنیا میں جائیں گے، بھارت نے آزاد کشمیر میں کوئی حرکت کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، ہماری مسلح افواج پوری طرح تیار ہیں۔ جمعہ کو یہاں وزیراعظم سیکرٹریٹ کے باہر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج سارا پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، جہاں بھی پاکستانی ہیں، سکول کالج کے طلبہ ، دکاندار، مزدور، سرکاری ملازم ہم سب اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری آج بہت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں ، تقریباً80 لاکھ کشمیری گذشتہ4 ہفتوں سے کرفیو کے اندر بند ہیں، ہمارا مقصد اپنے کشمیری بھائیوں کو بتانا ہے کہ ہم سب ان کے ساتھ کھڑے ہیں، ان کے درد اور دکھ میں شریک ہیں، آج دنیا کو پیغام جائے گا جب تک کشمیریوں کو آزادی نہیں مل جاتی پاکستانی قوم پوری طرح ان کے ساتھ ہے اور آخری دم تک ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج ہندوستان میں حکومت انسانوں پر ظلم کررہی ہے، وہاں آر ایس ایس کا نظریہ اور فلسفہ کا قبضہ ہے جسے سمجھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس 1925ءمیں بنی اور اس کے اندر سب سے بڑا جذبہ مسلمانوں کے خلاف نفرت تھا، یہ جماعت نفرت کی بنیاد پر قائم ہوئی اور ہندو بالادستی پر یقین رکھتی ہے، یہ ہٹلرکی نازی پارٹی سے متاثر جماعت تھی، اس کے نسلی بالادستی اور مسلمانوں کے خلاف نفرت کا اظہار آج مقبوضہ کشمیر میں ہورہا ہے، اس نظریہ نے ہندوستان پر قبضہ کرلیا ہے جس طرح نازی پارٹی جرمنی پر قابض ہوگئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسلمانوں کو برابر کا شہری نہیں سمجھتے اور انہیں ماضی میں ہندوستان پر حکمرانی کرنے کی پاداش میں سبق سکھانا چاہتے ہیں، اگر کشمیری مسلمان نہ ہوتے تو ساری دنیا کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہوجاتی لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ مسلمانوں پر ظلم ہوتا ہے تو عالمی برادری اور انصاف فراہم کرنے کے ذمہ دار اقوام متحدہ جیسے ادارے خاموش رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کشمیر کا سفیر بنوں گا اورکشمیر کی آزادی تک ہر فورم پر کشمیریوں کے حقوق کی جنگ لڑوں گا۔

مزید خبریں