ترکی کے دانشوروں اور میڈیا نمائندوں کا 22 رکنی وفد پاکستان کا 8 روزہ دورہ مکمل کرکے واپس ترکی روانہ ہوگیا

اسلام آباد ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) برادر اسلامی ملک ترکی کے دانشوروں اور میڈیا نمائندوں کا 22 رکنی وفد پاکستان کا 8 روزہ دورہ مکمل کرکے واپس ترکی روانہ ہوگیا، ترکی کے اس وفد نے پاکستان میں سینئر سیاسی قیادت اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں اور آزاد و جموں کشمیر اورلائن آف کنٹرول کا بھی دورہ کیا۔ استنبول یونیورسٹی شعبہ اُردو کے پروفیسر ڈاکٹر حلیل ٹوکر کی …

اسلام آباد ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) برادر اسلامی ملک ترکی کے دانشوروں اور میڈیا نمائندوں کا 22 رکنی وفد پاکستان کا 8 روزہ دورہ مکمل کرکے واپس ترکی روانہ ہوگیا، ترکی کے اس وفد نے پاکستان میں سینئر سیاسی قیادت اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں اور آزاد و جموں کشمیر اورلائن آف کنٹرول کا بھی دورہ کیا۔ استنبول یونیورسٹی شعبہ اُردو کے پروفیسر ڈاکٹر حلیل ٹوکر کی سربراہی میں پاکستان آنیوالے وفد نے لائن آف کنٹرول پر پہنچ کر بھارتی فوجیوں کی طرف سے فائر بندی کی خلاف ورزی میں ہونیوالے نقصانات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کےلئے چکوٹھی سیکٹر کا بھی دورہ کیا جہاں ترک وفد نے بھارتی فوج کی بلاوجہ فائرنگ کے متاثرین سے بھی ملاقات اور بات چیت کی۔ سرحدی گاﺅں کے لوگوں نے ترک وفد کو بتایا کہ بھارتی افواج آئے روز بلاوجہ فائرنگ کرکے پاکستانی علاقہ میں آبادیوں کو نقصان پہنچا رہی ہے جس سے کئی بیگناہ معصوم شہری بھی زد میں آجاتے ہیں۔ ترک میڈیا اور دانشوروں کے وفد نے لائن آف کنٹرول سے واپسی پر سنٹرل پریس کلب مظفرآباد کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے مقامی صحافیوں کیساتھ کنٹرول لائن پر اپنے مشاہدات کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کشمیری صحافیوں سے بھی معلومات حاصل کیں۔ ترک میڈیا کے وفد نے آزاد وجموں کشمیر کے صدر سردار مسعود خان اور وزیراعظم راجہ فاروق حیدر سے بھی ملاقاتیں کیں۔ سردار مسعود احمد خان اور راجہ فاروق حیدر نے ترک وفد کو بتایا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزیاں کررہی ہے مگر انسانی حقوق کے علمبردار ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کی مسلسل خاموشی سے مظلوم کشمیری عوام افسردہ ہیں اور انہیں افسوس ہے کہ اقوام متحدہ اور بڑی عالمی طاقتیں مقبوضہ کشمیر میں ہونیوالی تباہی کو روکنے کےلئے مداخلت نہیں کررہیں۔ دونوں رہنماﺅں نے وفد کو پانچ اگست کے بھارتی حکومت کے غیر آئینی اقدامات کے بعد پیدا ہونیوالی سنگین ترین صورتحال کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔ ترک دانشوروں کے وفد نے مظفرآباد میں آزاد جموں وکشمیر اسمبلی اور مظفرآباد میں قائم مہاجر کیمپ کا دورہ کرنے کے بعد کل جماعتی حریت کانفرنس کے سربراہ یٰسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے دوسرے رہنماﺅں سے بھی ملاقاتیں کرکے کشمیر کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ وفد کے ارکان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بھی ملاقات کی، صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی ممالک ہیں اور کشمیر کے بدترین حالات کی وجہ سے خطے کا امن بھی سنگین خطرے میں ہے۔