کشمیریوں کو آزادانہ ماحول میں استصواب رائے کاحق ملنا چاہیے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد ۔ 24اکتوبر (اے پی پی) وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ نے نوآبادیات کے خلاف اور انسانی حقوق کے فروغ کی جدوجہد میں فعال کردار ادا کیا ہے، عوام کو حق خود ارادیت دلانا اس جدوجہد کی روح ہے، 5 اگست کے بھارتی حکومت کے غیر قانونی اقدامات اور بد ترین پابندیوں کی وجہ سے مقبوضہ جموں کشمیر کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے …

اسلام آباد ۔ 24اکتوبر (اے پی پی) وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ نے نوآبادیات کے خلاف اور انسانی حقوق کے فروغ کی جدوجہد میں فعال کردار ادا کیا ہے، عوام کو حق خود ارادیت دلانا اس جدوجہد کی روح ہے، 5 اگست کے بھارتی حکومت کے غیر قانونی اقدامات اور بد ترین پابندیوں کی وجہ سے مقبوضہ جموں کشمیر کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے ، عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ بھارتی افواج کا جبر ختم کرانے کے لئے اقدامات کریں ، کشمیریوں کو آزادانہ اور غیر جانبدارانہ ماحول میں استصواب رائے کاحق ملنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کے قیام کی 74ویں سالگرہ کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سالگرہ کے جشن میں عالمی برادری کے ساتھ پاکستان بھی شریک ہے، اپنے قیام سے اقوام متحدہ نے عالمی امن وسلامتی، انسانی حقوق و انسانی عظمت کے فروغ کے لئے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ کثیر الملکی تعاون ہمیشہ سے پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک بنیادی جزو رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے ساتھ دیرینہ اشتراک عمل دیگر پہلووں کے علاوہ اقوام متحدہ کے امن دستوں میں ہماری سب سے زیادہ تعداد میں شرکت کی صورت میں پوری طرح عیاں ہے۔ پاکستان نے دولاکھ نیلے ہیلمٹ کی صورت میں سب سے زیادہ تعداد میں اپنے دستوں کی شمولیت کے ذریعے دنیا بھرکے 46 امن مشنز میں منفرد اعزاز و امتیاز سے خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے نوآبادیات کے خلاف اور انسانی حقوق کے فروغ کی جدوجہد میں فعال کردار ادا کیا ہے۔ عوام کو حق خود ارادیت دلانا اس جدوجہد کی گویا روح اور ایک بنیادی جوہر ہے۔ اس عالمی قدر کی موجودگی کے باوجود بھارت اپنے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں اسے مسلسل پاوں تلے روند رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست کے بھارتی حکومت کے غیرقانونی اقدامات کے تحت عائد کردہ بدترین پابندیوں اور قدغنوں کے باعث بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں صورحال مزید مخدوش وگھمبیر ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر آج بھی ایک حل طلب مسئلہ کے طورپر موجود ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا سولہ اگست کو ہونے والا اجلاس اس حقیقت کا پوری طرح شاہد وامین ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یوم اقوام متحدہ مناتے ہوئے میں عالمی برادری خاص طورپر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زوردوں گا کہ بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی قابض افواج کا مسلط کردہ دہشت کا راج ختم کرانے کے لئے اقدامات کرے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے ذریعے تنازعہ جموں وکشمیر حل کرایا جائے جو اس ناگزیر امر کا متقاضی ہے کہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں آزادانہ اور غیرجانبدارانہ ماحول میں کشمیری عوام کواستصواب رائے کے استعمال کا حق دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کے منشور میں درج شدہ اعلی مقاصد کے حصول اور اس ادارے کو حقیقی معنوں میں اور بھی زیادہ بامعنی و برمحل بنانے کے لئے اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر اپنی کاوشوں اور کوششوںکے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔