اسلام آباد ۔ 25 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضوں کے حصول کیلئے ملک بھر سے گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران 4 لاکھ 33 ہزار 149 نوجوانوں نے آن لائن درخواستیں بھیجی ہیں، درخواست دہندگان میں 86 فیصد مرد اور 14 فیصد خواتین ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی اسمبلی کی …
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کا اجلاس سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 25 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضوں کے حصول کیلئے ملک بھر سے گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران 4 لاکھ 33 ہزار 149 نوجوانوں نے آن لائن درخواستیں بھیجی ہیں، درخواست دہندگان میں 86 فیصد مرد اور 14 فیصد خواتین ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین اسد عمر کی زیر صدارت ایک اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کا مقصد وزیراعظم عمران خان کی جانب سے 17 اکتوبر 2019ء کو کامیاب جوان پروگرام اور یوتھ انٹرپرینیور شپ سکیم کے کامیاب آغاز کیلئے متعلقہ اداروں اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرنا تھا۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن، چیئرمین نادرا، چیئرمین نیوٹیک، چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان پاورٹی ایلوویشن فنڈ، ایس ای وی پی، نیشنل بینک آف پاکستان اور بینک آف خیبر کے ریجنل ہیڈز نے بھی شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان نے کامیاب جوان پروگرام کے اہم اقدام یوتھ انٹرپرینیور شپ سکیم کی نوجوانوں میں شاندار پذیرائی کے حوالہ سے اعداد و شمار اجاگر کیا۔ نوجوانوں نے اس سکیم کا تاریخی خیرمقدم کیا ہے، صرف ایک ہفتہ میں 4 لاکھ 33 ہزار 149 قرضہ کے حصول کی درخواستیں آن لائن موصول ہوئی ہیں جن میں سے86 فیصد مرد اور 14 فیصد خواتین نے درخواستیں دی ہیں۔ 77 فیصد درخواست گزاروں کا تعلق پنجاب، 18 فیصد کا خیبرپختونخوا، 7 فیصد کا سندھ، 2 فیصد کا اسلام آباد اور بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے ایک فیصد درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ 44 فیصد قرضہ کے حصول کی درخواستیں دینے والوں کا تعلق 22 سے 30 سال کی عمر کے درمیان ہے۔ انہوں نے کہا کہ 32 فیصد ایسی درخواستیں موصول ہوئی ہیں جو لوگ پہلے ہی اپنا کاروبار چلا رہے ہیں اور اس میں توسیع کرنا چاہتے ہیں جبکہ 68 فیصد درخواستیں نیا کاروبار شروع کرنے کیلئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف نوجوان مالی طور پر بااختیار ہوں گے بلکہ ملک کے دیگر نوجوانوں کیلئے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ اور شفافیت اس سکیم کا خاصا ہے، درخواست گزار اپنے شناختی کارڈ نمبر، شناختی کارڈ کی تاریخ اجراء اور اپنے موبائل نمبر کے ذریعے کامیاب جوان پروگرام کے ویب پورٹل www.kamyabjawan.gov.pk سے اپنی درخواست سے متعلق معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔







