وزیراعظم عمران خان کی ساہیوال واقعہ کے فیصلہ کے خلاف اپیل دائر کرنے کی ہدایت

اسلام آباد ۔ 25 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے ساہیوال میں قتل و غارت گری کے واقعہ میں ملوث 6 پولیس اہلکاروں کی بریت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ فیصلہ کے خلاف اپیل دائر کی جائے اس استغاثہ کی خامیوں کی تحقیق اور نشاندہی کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی کا تقرر کیا جائے۔ جمعہ کو وزارت داخلہ کی طرف سے چیف سیکرٹری …

اسلام آباد ۔ 25 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے ساہیوال میں قتل و غارت گری کے واقعہ میں ملوث 6 پولیس اہلکاروں کی بریت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ فیصلہ کے خلاف اپیل دائر کی جائے اس استغاثہ کی خامیوں کی تحقیق اور نشاندہی کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی کا تقرر کیا جائے۔ جمعہ کو وزارت داخلہ کی طرف سے چیف سیکرٹری پنجاب اور انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کو لکھے گئے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے واقعہ میں ملوث تمام 6 اہلکاروں کی بریت پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ استغاثہ ملزم کے خلاف مقدمہ ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے کیونکہ گواہوں میں سے کسی نے بھی واقعہ کی شہادت نہیں دی۔ اس سے انصاف کی فراہمی میں مشکلات کی بہت ہی قابل افسوس مثال قائم ہوئی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ فیصلہ کے خلاف اپیل دائر کی جائے اور پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کو حقیقی گواہوں کے ذریعہ اپنا مقدمہ قائم کرنے کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے مظلوموں کو انصاف دلایا جائے۔ مراسلہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تحقیقات اور استغاثہ کی خامیوں کی تحقیقات اور ان کی نشاندہی کیلئے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی کا تقرر کیا جائے۔ کمیٹی کو ریاست کے مختلف اداروں میں موجود غلطیوں اور خامیوں کی نشاندہی کرنے والوں کی بھی شناخت کرنی چاہئے جن کے اقدامات غیر فعال ہونے سے مشتبہ افراد کو فائدہ ہوا۔ اس طرح کی خامیوں کو دور کرنے اور ساہیوال کے واقعہ سے متاثرہ افراد کو انصاف فراہم کرنے کیلئے خصوصی تجاویز پیش کی جائیں۔ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ ان احکامات کی تعمیل کرکے رپورٹ وزارت داخلہ اور وزیراعظم آفس کو تین دن کے اندر پیش کی جائے۔