اسلام آباد ۔ 25 اکتوبر (اے پی پی) چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو سیّد شبر زیدی نے کہا ہے کہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ایف بی آر کے محصولات کا ہدف 1071 ارب روپے تھا جس میں سے 963 ارب روپے کے محصولات جمع کئے گئے۔ یہ بات انہوں نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ، محصولات و اقتصادی امور کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ کمیٹی …
چیئرمین ایف بی آر سید شبر زیدی کی قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ، محصولات و اقتصادی امور کو بریفنگ

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 25 اکتوبر (اے پی پی) چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو سیّد شبر زیدی نے کہا ہے کہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ایف بی آر کے محصولات کا ہدف 1071 ارب روپے تھا جس میں سے 963 ارب روپے کے محصولات جمع کئے گئے۔ یہ بات انہوں نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ، محصولات و اقتصادی امور کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں چیئرمین کمیٹی اسد عمر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں رضا نصر اﷲ، فیض اﷲ، ڈاکٹر رمیش کمار وینکوانی، مخدوم سیّد سمیع الحسن گیلانی، جمیل احمد خان، اسرار ترین، قیصر احمد شیخ، علی پرویز، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، نفیسہ شاہ، سیّد نوید قمر، امجد علی، حنا ربانی کھر، مولانا عبدالاکبر چترالی، وزارت خزانہ، سٹیٹ بینک، زرعی ترقیاتی بینک اور وزارت قانون و انصاف کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں سمال بزنس فنانس کارپوریشن ترمیمی بل کا جائزہ لیا گیا، یہ بل رکن قومی اسمبلی امجد علی خان نے پیش کیا ہے۔ وزارت خزانہ کے سیکرٹری نے کمیٹی کو بتایا کہ یہ بل 2001ء میں منسوخ ہوا تھا تاہم بل کے محرک کی رائے تھی کہ یہ بدستور برقرار ہے اور سیکرٹری کمیٹی کو اس حوالہ سے تحریری معروضات پیش کریں گے۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ مذکورہ بل کا ہی جائزہ لیا جائے گا تاہم اگر اس بل کے حوالہ سے ٹھوس تبصرے اور تجاویز سامنے نہ آئیں تو بل کو منسوخ تصور کیا جائے گا۔ کمیٹی نے پاکستان کائنیج ترمیمی بل کا بھی جائزہ لیا اور فیصلہ کیا کہ وزارت تجارت کی جانب سے اس حوالہ سے کمنٹس آنے تک اسے مؤخر کیا جائے۔ اجلاس میں کنٹرولر جنرل اکائونٹس (تعیناتی، کردار و اختیارات) بل 2019ء کو بھی مؤخر کیا گیا یہ بل نجیب الدین اویسی نے پیش کیا تھا۔ چیئرمین ایف بی آر نے کمیٹی کو بتایا کہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ایف بی آر نے 1071 ارب روپے کے محصولات کا ہدف مقرر کیا تھا جن میں سے 963 ارب روپے وصول کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں محصولات کی وصولیوں کی شرح میں گذشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 15.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔







