صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا چوتھی کراچی انٹرنیشنل واٹر کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد ۔ 26 نومبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں پانی اور غذائی تحفظ کے بحران سے نمٹنے کے لئے بین الصوبائی روابط کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں توانائی، پانی اورخوراک کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے واٹر پالیسی پر عملدرآمد کے ضمن میں صوبوں کے درمیان اتفاق رائے ضروری ہے۔ وہ چوتھی کراچی انٹرنیشنل واٹر کانفرنس کے شرکاءسے خطاب …

اسلام آباد ۔ 26 نومبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں پانی اور غذائی تحفظ کے بحران سے نمٹنے کے لئے بین الصوبائی روابط کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں توانائی، پانی اورخوراک کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے واٹر پالیسی پر عملدرآمد کے ضمن میں صوبوں کے درمیان اتفاق رائے ضروری ہے۔ وہ چوتھی کراچی انٹرنیشنل واٹر کانفرنس کے شرکاءسے خطاب کر رہے تھے جس کا اہتمام حصار فاﺅنڈیشن نے کیا تھا۔ اس کانفرنس کا موضوع ’پانی، توانائی اور غذا کا تعلق اور 21 ویں صدی میں پاکستان کا ایجنڈا‘ ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چوتھی کراچی انٹرنیشنل واٹر کانفرنس کے موضوع کے انتخاب کو سراہا۔ عالمی حدت کی پیچیدگی کے اثرات پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پانی اور غذائی تحفظ کے لئے شراکت داری کا نیٹ ورک وقت کی ضرورت ہے، اس ضمن میں نجی شعبہ، حکومت، سول سوسائٹی، میڈیا اور پاکستان کے عوام کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم جس دور میں رہ رہے ہیں وہاں ہمارے بچے ہماری ماحولیات کے حوالے سے احتیاطی اقدامات میں ناکامی کی غلطیوں کا احتساب کرنے کا حق رکھتے ہیں۔ وہ ہم سے یہ توقع کرتے ہیں کہ ہم قدرتی وسائل کے تحفظ اور ورثہ میں پانی اور خوراک سے مزین معاشرہ تعمیر کر کے جائیں گے۔ صدر مملکت نے حصار فاﺅنڈیشن کو کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے بیرون ملک سے آئے ہوئے وفود اور ماہرین کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پانی اور غذائی تحفظ کے حوالے سے اہم معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے منتظمین کو ہدایت کی کہ وہ چاروں صوبوں کے زراعت اور پانی کے وزیروں بشمول وفاقی وزراءکو آئندہ ہونے والی کانفرنس میں بلائیں تاکہ وہ حکومتی ایجنڈا دے سکیں۔ یہ وزارتیں ٹھوس حکمت عملی بنانے میں نمایاں کردار ادا کر سکتی ہیں تاکہ خشک سالی اور سیلاب جیسی تباہ کاریوں کے خطرات سے ملک کو بچایا جا سکے۔ واضح رہے کہ یہ کانفرنس ہر دو سال بعد کراچی میں منعقد ہوتی ہے۔ گزشتہ چھ سال میں اس کانفرنس نے خطے میں پانی کے مسائل کے حوالے سے بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔ تیسری کراچی انٹرنیشنل واٹر کانفرنس میں پاکستان ساﺅتھ ایشیائ، مشرق وسطیٰ، یورپ اور نارتھ امریکہ سے 1200 سے زائد وفود نے شرکت کی۔