اسلام آباد ۔ 2 دسمبر (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی دانشمندانہ پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے، دنیا نے ان کی پالیسیوں کو تسلیم کیا ہے، معاشی اشاریے بہتر ہوئے اور انٹرنیشنل فورمز میں بھی وزیراعظم کے فیصلوں کو پذیرائی ملی، بہت جلد عوام کو ثمرات …
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 2 دسمبر (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی دانشمندانہ پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے، دنیا نے ان کی پالیسیوں کو تسلیم کیا ہے، معاشی اشاریے بہتر ہوئے اور انٹرنیشنل فورمز میں بھی وزیراعظم کے فیصلوں کو پذیرائی ملی، بہت جلد عوام کو ثمرات ملنا شروع ہو جائیں گے، وزیراعظم احتساب کے بیانیہ پر آج بھی قائم ہیں، بدعنوان عناصر اور لوٹ کھسوٹ کرنے والوں کے خلاف احتساب کا عمل جاری رہے گا۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی دولت لوٹنے والے اور معیشت کو تباہ کر کے بیرون ملک اثاثہ جات بنانے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے، ان ہاﺅس تبدیلی کی افواہیں بے بنیاد ہیں، اپوزیشن اور کرپٹ ٹولہ ملک میں افراتفری پھیلانے کیلئے اسطرح کی حرکات کر رہے ہیں، پہلے بھی انہیں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا اور آئندہ بھی ان لوگوں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسی سے سیاسی انتقام نہیں لے رہی، آصف علی زرداری کی بیماری کی تصدیق کرنا مشکل ہے، ان کی بیماری کا سٹیٹس میڈیکل بورڈ دے سکتا ہے، حتمی رپورٹ آنے تک زرداری کے باہر جانے کا فیصلہ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف جس شاہانہ انداز سے علاج کیلئے بیرون ملک گئے، عوام کی ان کی صحت سے متعلق رائے بدل گئی اور ہر کوئی ان کی بیماری کے بارے حقائق جاننا چاہتا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سیاسی مخالفین کو سیاسی میدان میں ہرا کر حکومت میں آئی، عوام نے اپوزیشن کو مسترد کر کے عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا کیونکہ قوم چاہتی ہے کہ بدعنوان عناصر کا احتساب کیا جائے اور لوٹی ہوئی دولت پاکستان لائی جائے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ سابق حکمران عوام کو نظرانداز کر کے اقتدار کے مزے لوٹتے رہے، 5 فیصد عناصر نے ذاتی مفادات کیلئے 95 فیصد عوام کے بنیادی حقوق کا قتل کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے بھاری قرضے لیکر ملک کو مقروض کیا اور یہی لوگ موجودہ مہنگائی اور بے روزگاری کے ذمہ دار ہیں، پی ٹی آئی حکومت مہنگائی پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے سنجیدگی کے ساتھ اقدامات کر رہی ہے۔ ڈاکٹر فردوس اعوان نے کہا کہ سندھ میں کتے کے کاٹے کی ویکسین موجود نہیں ، بلاول زرداری کا بیان غیرذمہ دارانہ ہے، انہیں سیاسی بلوغت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفاد میں حکومت اور فوج ایک پیج پر ہیں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملک کیلئے گرانقدر خدمات ہیں، تمام سیاسی جماعتیں اور عوام ان سے بخوبی آگاہ ہیں اور خطے کے موجودہ حالات میں ان کا ذمہ داریاں جاری رکھنا ناگزیر ہے۔ معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتی ہے اور عدالت کی دی ہوئی گائیڈ لائن کو لیکر آگے چل رہی ہے۔ آرمی ایکٹ میں ترمیم کے بارے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ مل کر قانون سازی کرنے کیلئے پر امید ہیں، قانون کے مطابق مثبت طریقے سے اسے پارلیمنٹ سے پاس کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم بھی چاہتے ہیں کہ طلبہ یونینز کو بحال ہونا چاہئے اور انہیں دائرہ کار میں رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی۔ پنجاب میں آئندہ تین ماہ میں بہتری دیکھنے کو ملے گی۔








